امریکہ اور اسرائیل مزاحمت کو ختم کرنے کیلئے سرگرم ہیں، علامہ سید جواد نقوی
شیعیت نیوز : سربراہ تحریک بیداری امت مصطفیٰ علامہ سید جواد نقوی نے مسجد بیت العتیق، جامعہ عروۃ الوثقیٰ لاہور میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی طاقتوں کو اس وقت سب سے بڑا چیلنج اس مزاحمتی فکر اور مقاومت کے نظام سے درپیش ہے جو ان کے سامنے تسلیم ہونے کو تیار نہیں، اور فلسطین سے شروع ہونے والے معرکے نے مشرق وسطیٰ کا سیاسی منظرنامہ بدل دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ، غاصب اسرائیل اور ان کے اتحادی مزاحمتی قوتوں کو کمزور اور ختم کرنے کے لیے مختلف محاذوں پر سرگرم ہیں۔ فلسطین اور لبنان کے حالات، ایران کے خلاف اقدامات اور خطے کے دیگر ممالک کی صورتحال کو ایک دوسرے سے الگ کر کے نہیں دیکھا جا سکتا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کی جنگ کسی امریکی صدر سے نہیں، استکباری نظام سے ہے، علامہ سید جواد نقوی
علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ مسلم دنیا شدید تقسیم اور انتشار کا شکار ہے اور مسلم حکمرانوں کی جانب سے کوئی مؤثر مشترکہ حکمت عملی سامنے نہیں آ رہی۔ بحرین، افغانستان، آذربائیجان اور دیگر ممالک میں مذہبی طبقات کو گرفتاریوں، شہریت کی منسوخی اور پابندیوں کا سامنا ہے، اس لیے مسلم دنیا کو خاموش رہنے کے بجائے مذہبی آزادی اور انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی باہمی اختلافات اور تفرقے نے اجتماعی قوت کو کمزور کیا ہے۔ پاکستانی قوم اور مذہبی طبقات کو باہمی اتحاد، فکری بیداری اور مشترکہ مسائل پر یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، کیونکہ امت مسلمہ کی قوت اس کے اتحاد میں ہے نہ کہ انتشار اور تقسیم میں۔







