غزہ میں کھانا تقسیم کرنے والی گاڑی پر صیہونی حملہ، تین امدادی کارکن شہید
شیعیت نیوز : غاصب اسرائیل نے جنگ بندی کی ایک اور کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ شہر کے جنوب مغربی علاقے تل الہوا میں بے گھر فلسطینیوں میں کھانا تقسیم کرنے والی گاڑی کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تین امدادی کارکن شہید اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق صیہونی فوج نے شمالی غزہ کے زیر قبضہ علاقوں میں رہائشی عمارتوں کو دھماکوں سے تباہ کر دیا، جبکہ جنوبی غزہ کے علاقے المواصی میں بے گھر فلسطینیوں کے کیمپ پر بھی حملہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ میں ڈرون حملوں سے ایک فلسطینی شہید، متعدد زخمی
حماس نے امدادی گاڑی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھوک اور محاصرے کے دوران امدادی کارکنوں کو نشانہ بنانا صیہونی درندگی کی نئی مثال اور شہریوں و انسانی امدادی سرگرمیوں کو نشانہ بنانے کے تسلسل کا ثبوت ہے۔
حماس نے جنگ بندی کے ثالثوں اور ضامن ممالک سے فوری ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ غاصب اسرائیل کو معاہدے کی پاسداری کا پابند بنایا جائے، شہریوں اور امدادی کارکنوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور خوراک و انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی ممکن بنائی جائے۔







