اسرائیلی سفیر سے ملاقات پر پاکستانی سفیر کو برطرف کیا جائے، حافظ کاظم عباس
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے صدر حافظ کاظم عباس نے اقوام متحدہ جنیوا میں پاکستان کے مستقل مندوب طاہر اندرابی کی غاصب اسرائیل کے سفیر سے ملاقات کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری برطرفی اور ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
وحدت ہاؤس کراچی میں ڈویژنل کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیلی سفیر سے ملاقات آئین، نظریہ پاکستان اور قائداعظم محمد علی جناح کے افکار سے انحراف ہے، اس کے حق میں کوئی عذر یا سفارتی جواز قابل قبول نہیں۔ بانی پاکستان نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیا تھا اور واضح کر دیا تھا کہ پاکستان اسے کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں : فلسطینی وفد کی چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل سے ملاقات، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ
حافظ کاظم عباس نے کہا کہ شہباز حکومت کی جانب سے غزہ پیس بورڈ میں شمولیت اور امریکی صدر کو نوبل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کے بعد یہ ملاقات امریکہ اور غاصب اسرائیل کے حق میں تیسرا تشویشناک اقدام ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزارت خارجہ اس ملاقات کی شفاف تحقیقات کر کے حقائق عوام کے سامنے لائے اور وفاقی حکومت اسرائیل سے کسی بھی خفیہ رابطے کی واضح تردید کرے۔
یاد رہے کہ طاہر اندرابی نے 16 نومبر کو جنیوا میں کانفرنس برائے تخفیف اسلحہ کے صدر کی حیثیت سے اسرائیل کے نئے سفیر کی اسناد وصول کی تھیں، جس کی تصویر سامنے آنے پر ملک بھر میں شدید ردعمل سامنے آیا۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ محض رسمی کارروائی تھی اور اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔







