دشمن ایران پر جنگ مسلط کرنے کی ہمت نہیں رکھتا، اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ

22 نومبر, 2026 13:58

شیعیت نیوز : ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ دشمن اس نتیجے پر پہنچ چکا ہے کہ وہ ایران پر 40 روزہ جنگ جیسی جنگ مسلط نہیں کر سکتا، اسی لیے اس نے اپنی توجہ ایران کی داخلی سلامتی کو نقصان پہنچانے، اقتصادی دباؤ بڑھانے اور ملک کو اندر سے کمزور کرنے کی منصوبہ بندی پر مرکوز کر دی ہے۔ لہٰذا ملک کو اتحاد، باہمی محبت، یکجہتی اور پائیدار بازدارندگی کی ضرورت ہے۔

پارلیمنٹ کی رابطہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نہ جنگ نہ امن کی صورتحال ختم کرنے سے متعلق رہبر انقلاب اسلامی کی خصوصی تاکید کا حوالہ دیا اور کہا کہ اس صورتحال سے نکلنے کے لیے روایتی نعروں اور سیاسی جذبات سے آگے بڑھنا ہوگا، کیونکہ ایک دوسرے پر جنگ پسندی یا ہتھیار ڈالنے کا الزام لگانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، بلکہ اس کے لیے واضح اور قابل عمل حکمت عملی درکار ہے۔

یہ بھی پڑھیں : رہبر انقلاب نے نہ جنگ نہ امن کی کیفیت ختم کرنے کی ہدایت دی، ایرانی صدر

انہوں نے آپریشن وعدہ صادق سے لے کر 12 روزہ اور 40 روزہ جنگوں تک گزشتہ دو برسوں کی فوجی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کے جذبہ شہادت و ایثار اور رہبر انقلاب اسلامی کی دانش مندی، عزم اور دور اندیشی کی بدولت ایران دشمن کے مقابلے میں فوجی بازدارندگی حاصل کر چکا ہے۔

اسپیکر نے کہا کہ اگر ہم دشمن کے خطرے کو ملک اور عوام سے دور رکھنا چاہتے ہیں تو اس کا واحد راستہ پائیدار بازدارندگی کا حصول ہے، اس سے نہ صرف خطرہ ٹل جائے گا بلکہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی ہدایت پر بھی عمل ہوگا۔

2:11 شام نومبر 22, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔