قم میں آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کی تشییع جنازہ، ہزاروں سوگواروں کی شرکت
شیعیت نیوز : مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی کی تشییع جنازہ آج قم المقدسہ میں منعقد ہوئی، جس میں علماء، حوزہ علمیہ کے اساتذہ، طلاب، مراجع عظام کے نمائندوں اور ہزاروں سوگواروں نے شرکت کر کے مرحوم مرجع کو اشکبار آنکھوں سے الوداع کہا۔ جلوس جنازہ مسجد فاطمیہ سے حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی جانب روانہ ہوا اور شہر کی سڑکیں سوگواروں سے بھر گئیں۔
تشییع جنازہ میں سربراہ حوزہ ہائے علمیہ ایران، صدر جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم، مجلس خبرگان رہبری کے ارکان، شورائے عالی حوزہ ہائے علمیہ کے اراکین، ممتاز علمائے کرام اور ملکی و صوبائی حکام شریک ہوئے۔ جسد خاکی کو حرم حضرت معصومہؑ میں ضریح کا طواف کرایا گیا، جس کے بعد صحن امام رضاؑ میں نماز جنازہ ادا کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : آیت اللہ وحید خراسانی کی رحلت عظیم نقصان ہے، علامہ سید ساجد علی نقوی
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے تعزیتی پیغام میں آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کو حوزہ علمیہ میں فقہ و اصول کے بنیادی ستونوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے روزانہ کے دو دروس فقہ و اصول کے نمایاں ترین دروس میں شامل تھے، اور حوزہ علمیہ قم اور دیگر حوزات کے بڑی تعداد میں اساتذہ اور علماء ان کے درس میں شرکت کو باعث افتخار سمجھتے ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے جمعرات کو حرم امام رضاؑ کے رواق امام خمینیؒ اور جمعہ کو حرم حضرت معصومہؑ میں مجالس ترحیم منعقد ہوں گی۔
اعلان کے مطابق جمعرات 19 نومبر کو صبح 9 بجے مشہد مقدس میں مدرسہ علمیہ آیت اللہ العظمیٰ خوئیؒ سے حرم امام علی رضا علیہ السلام تک تشییع کی جائے گی، جس کے بعد مرحوم کو حرم کے جوار میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ صوبہ قم میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔






