معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نوجوانوں کو فنی تعلیم دی جائے، علامہ ڈاکٹر شبیر میثمی
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی
شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجتالاسلام علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے مسجد و امام بارگاہ بقیۃ اللہ، ڈیفنس کراچی میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا قیام کسی ذاتی دفاع کے لیے نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی مقرر کردہ امامت و ولایت کے دفاع کے لیے تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ امامت و ولایت توحید، نبوت اور اسلام سے جدا نہیں بلکہ ان کی حفاظت اور استحکام کا بنیادی ذریعہ ہیں۔ پہلے خطبے میں تقویٰ الٰہی کو دنیا و آخرت کی کامیابی کا راستہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے غزوۂ بدر و احد، دعوتِ ذوالعشیرہ اور واقعہ غدیر کے حوالے دیے اور کہا کہ سورۂ تکاثر کی آیت کے مطابق قیامت کے دن ولایت کی نعمت کے بارے میں بھی سوال کیا جائے گا، لہٰذا ہمیں اپنی نسلوں کو عقیدہ امامت و ولایت پر مضبوطی سے قائم رکھنا ہوگا۔
دوسرے خطبے میں علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے سال 2026ء کے دوران آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانی، آیت اللہ العظمیٰ اسحاق فیاض، آیت اللہ العظمیٰ شبیری زنجانی اور رہبر شہید کی رحلت کو عالمِ اسلام اور علمی حلقوں کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا۔ عالمی حالات اور ایران امریکہ کشیدگی پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران نے مضبوط عقیدے اور اللہ پر توکل کی بنیاد پر عالمی طاقتوں کے سامنے استقامت دکھائی ہے۔ خطے میں اسرائیل کی پالیسیوں اور فلسطین کی صورتحال کے تناظر میں انہوں نے اہلِ ایمان پر زور دیا کہ وہ بیداری، اتحاد اور دفاعِ حق کے لیے ہمیشہ تیار رہیں۔
یہ بھی پڑھیں : آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی رحلت عالمِ اسلام کا عظیم سانحہ ہے، علامہ مقصود علی ڈومکی
قومی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ شبیر میثمی نے قائداعظم محمد علی جناح کے اصول ’’ایمان، اتحاد اور تنظیم‘‘ اور نہج البلاغہ میں حضرت علی علیہ السلام کی تقویٰ اور نظم و ضبط کی وصیت کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے اسلام اور پاکستان کا مفاد ہر چیز پر مقدم ہے، لہٰذا ملک کو تباہی کی طرف لے جانے والی معاشی بدعنوانی کا احتساب کیا جائے اور وسائل عوام کی بنیادی ضروریات پر خرچ ہوں۔
ملک کے معاشی مستقبل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطیب جمعہ نے خبردار کیا کہ 2026ء کی معاشی مشکلات کے اثرات 2027ء اور 2028ء میں مزید نمایاں ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے ٹیکنالوجی، روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت (AI) کی طرف بڑھ رہی ہے، اس لیے اب صرف روایتی ڈگریاں کافی نہیں رہیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی، سافٹ ویئر، ہارڈویئر، مکینک، پلمبر اور الیکٹرک گاڑیوں کی مرمت جیسے فنی شعبوں کی تربیت دلوائیں۔ انہوں نے بتایا کہ زہرا (س) اکیڈمی کے تحت نوجوانوں کو تکنیکی اداروں میں تربیت اور مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے، اور اہلِ خیر سے اپیل کی کہ وہ نوجوانوں کو خودکفیل بنانے کی اس مہم میں بھرپور کردار ادا کریں۔







