آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی رحلت عالمِ اسلام کا عظیم سانحہ ہے، علامہ مقصود علی ڈومکی
علامہ مقصود علی ڈومکی
شیعیت نیوز : امام جمعہ جیکب آباد علامہ مقصود علی ڈومکی نے جامع مسجد امام حسن مجتبیٰ (ع) جیکب آباد میں نماز جمعہ کے خطبوں کے دوران عالمِ اسلام کے عظیم مرجعِ تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عالمِ اسلام اور بالخصوص حوزہ ہائے علمیہ کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی رحلت عالمِ اسلام کے لیے ایک عظیم سانحہ اور حوزہ ہائے علمیہ کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرحوم علم و فقاہت، تقویٰ، بصیرت اور دینی استقامت کا روشن مینار اور حوزہ علمیہ قم المقدس کے اہم ترین علمی ستونوں میں شمار ہوتے تھے۔
علامہ مقصود ڈومکی نے مزید کہا کہ مرحوم کے درسِ خارج میں ممتاز علماء، فضلاء اور تشنگانِ علم کی بڑی تعداد شریک ہوتی تھی، جبکہ ان کی علمی و تربیتی کاوشوں سے متعدد شاگرد مقامِ اجتہاد پر فائز ہوئے۔ ان کے مطابق آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی علمی، تدریسی اور تربیتی خدمات تاریخِ تشیع کا ایک روشن باب ہیں جنہیں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پولیس اور سی ٹی ڈی کا آپریشن، کالعدم سپاہ صحابہ کے 4 دہشت گرد جہنم واصل
خطبۂ جمعہ کے دوران عراق کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ عراقی وزیراعظم کو امریکی دباؤ کے تحت قومی خودمختاری اور امت مسلمہ کے مفادات سے متصادم فیصلے کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عراقی قیادت کو امریکی مفادات کی خاطر سرخ لکیریں عبور کرنے کی غلطی نہیں کرنی چاہیے، کیونکہ عراق کی خودمختاری، عوامی امنگوں اور اسلامی تشخص کا تحفظ ان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ علامہ مقصود ڈومکی کے مطابق امریکی دباؤ کے سامنے غیر ضروری پسپائی اور امت مسلمہ کے مفادات سے انحراف انہیں اپنے عوام اور امت مسلمہ میں مزید غیر مقبول بنا دے گا، لہٰذا عراق کو ایک آزاد، خودمختار اور باوقار خارجہ پالیسی اختیار کرنی چاہیے۔







