ایران کی خودمختاری کا احترام کیا جائے، علامہ شیخ حسن سروری
علامہ شیخ حسن سروری
شیعیت نیوز : مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو، بلتستان میں نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب امام جمعہ علامہ شیخ حسن سروری نے کہا ہے کہ دنیا کو تیسری عالمی جنگ اور جوہری تباہی کے خطرات سے بچانے کے لیے امریکہ کو اپنی دادا گیری ختم کرنا ہوگی اور اسلامی جمہوریہ ایران کی خودمختاری، آزادی اور قومی سلامتی کا احترام کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جوہری جنگ کا نقصان کسی ایک ملک تک محدود نہیں رہے گا بلکہ پوری انسانیت متاثر ہوگی، اس لیے چین، امریکہ اور روس سمیت عالمی طاقتوں کو دھمکیوں کے بجائے مذاکرات، امن اور باہمی احترام کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے بیرونی دباؤ کے مقابلے میں ایران کی استقامت کو سراہتے ہوئے اس کی سلامتی و استحکام کے لیے دعا کی۔
خطبۂ اول میں علامہ شیخ حسن سروری نے امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی وصیت کا حوالہ دیتے ہوئے تقوائے الٰہی، نظم و ضبط، شکرگزاری اور والدین کے حقوق کی ادائیگی پر زور دیا۔ انہوں نے امام جعفر صادق علیہ السلام کی تعلیمات کی روشنی میں واضح کیا کہ والدین کا احترام اور خدمت ان کے مسلمان یا غیر مسلم ہونے سے مشروط نہیں۔ انہوں نے امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی قربت کے لیے اصلاحِ نفس اور بالخصوص سوشل میڈیا و انٹرنیٹ کے استعمال میں نگاہ کی حفاظت اور اخلاقی پاکیزگی اختیار کرنے کی تلقین کی۔
یہ بھی پڑھیں : معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نوجوانوں کو فنی تعلیم دی جائے، علامہ ڈاکٹر شبیر میثمی
خطبۂ دوم کے آغاز میں انہوں نے عظیم مرجعِ تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی رحلت پر عالمِ اسلام اور حوزاتِ علمیہ سے تعزیت پیش کی اور فقہ و اصول میں ان کی علمی خدمات و اہلِ بیت علیہم السلام سے والہانہ عقیدت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ملک کے سیاسی حالات اور نئے صوبے کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ سروری نے کہا کہ ایسے آئینی و انتظامی معاملات میں ذاتی و سیاسی مفادات کے بجائے قومی وحدت اور عوامی خواہشات کو ترجیح دی جانی چاہیے، اور حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کے حل پر توجہ دیں۔
بلتستان کے عوامی و انتظامی مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے خطیب جمعہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ہیپاٹائٹس سی (کالا یرقان) کی روک تھام کے لیے شروع کیے گئے مفت حکومتی ٹیسٹ اور علاج کے پروگرام میں بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے بلتستان یونیورسٹی کے کمپیوٹر سائنس سمیت دیگر شعبوں کے طلبہ کو اسناد کے حصول میں درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ اور ایچ ای سی سے طلبہ کا تعلیمی مستقبل محفوظ بنانے کا مطالبہ کیا۔ مزید برآں، انہوں نے سکمیدان سمیت دیگر علاقوں میں غیر منصفانہ حلقہ بندیوں کا ازسرِنو جائزہ لے کر بلدیاتی انتخابات جلد کرانے، اور شدید سردی کے پیشِ نظر بلتستان میں گیس کی فراہمی، لکڑی کی بڑھتی قیمتوں (دو ہزار روپے فی من تک) پر قابو پانے اور عوام کے لیے خصوصی ونٹر ریلیف پیکیج متعارف کرانے کا پُرزور مطالبہ کیا۔







