ٹرمپ کے قتل کی سازش کا الزام: آصف مرچنٹ کو 27 سال قید
آصف مرچنٹ
شیعیت نیوز : امریکہ کے شہر نیویارک کے علاقے بروکلین کی ایک وفاقی عدالت نے پاکستانی شہری آصف رضا مرچنٹ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر اعلیٰ امریکی حکام کے قتل کی سازش کے الزام میں 330 ماہ (27 سال اور 6 ماہ) قید کی سزا سنا دی ہے۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 48 سالہ آصف رضا مرچنٹ کو منگل 17 نومبر کو وفاقی جج ایرک آر کومیتی نے سزا سنائی، جبکہ اس سے قبل مارچ 2026 میں ایک جیوری نے انہیں سرحد پار دہشت گردی کی سازش اور قتل کے لیے اجرتی قاتلوں کی خدمات حاصل کرنے کے الزامات میں مجرم قرار دیا تھا۔
امریکی حکام کا الزام ہے کہ آصف مرچنٹ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے لیے کام کر رہے تھے اور انہوں نے جنوری 2020 میں بغداد میں امریکی ڈرون حملے میں شہید ہونے والے قدس فورس کے سابق کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی موت کا بدلہ لینے کے لیے امریکہ میں کسی سیاست دان یا اعلیٰ سرکاری عہدیدار کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ اور میناب کے بچے بھی انصاف کے منتظر ہیں، علامہ سید ساجد علی نقوی
امریکی محکمہ انصاف کے مؤقف کے مطابق آصف مرچنٹ نے نیویارک میں اپنے ایک پاکستانی واقف کار سے رابطہ کر کے قتل کی منصوبہ بندی میں معاونت طلب کی تھی، تاہم مذکورہ شخص نے فوری طور پر امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع دے دی اور ایف بی آئی کا خفیہ مخبر بن گیا۔ حکام کے مطابق بعد ازاں مرچنٹ نے ایسے افراد سے ملاقاتیں کیں جنہیں وہ اجرتی قاتل سمجھ رہے تھے، لیکن وہ درحقیقت ایف بی آئی کے خفیہ اہلکار تھے۔
واضح رہے کہ آصف مرچنٹ کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ یہاں بینکنگ کے شعبے سے وابستہ رہے ہیں، جبکہ 1995 میں ان کے بڑے بھائی کالعدم سپاہ صحابہ کے دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہو چکے ہیں۔







