غزہ اور میناب کے بچے بھی انصاف کے منتظر ہیں، علامہ سید ساجد علی نقوی
علامہ سید ساجد علی نقوی
شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی نے 20 نومبر کو منائے جانے والے عالمی یومِ اطفال کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میانمار کے روہنگیا مسلمانوں سے متعلق عالمی عدالتِ انصاف کا فیصلہ ظلم و جبر کے گھپ اندھیروں میں روشنی کی ایک کرن ہے، تاہم غزہ میں جاری نسل کشی اور میناب اسکول میں بچوں کے قتلِ عام کے متاثرین بھی آج عالمی انصاف کے منتظر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں بچوں کے حقوق اور تحفظ کے دعوے کیے جا رہے ہیں، لیکن صہیونی اور سامراجی قوتوں کے ہاتھوں ہزاروں معصوم فلسطینی اور ایرانی بچے لقمۂ اجل بن چکے ہیں، جبکہ میناب کے اسکول میں دورانِ تعلیم بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو نشانہ بنایا جانا عالمی امن کے دعوے داروں کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی حمایت سے گیمبیا کی درخواست پر روہنگیا مسلمانوں کے حق میں عالمی عدالتِ انصاف کا فیصلہ مظلوم اقوام کے لیے امید کا پیغام ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ میانمار میں تقریباً 10 ہزار روہنگیا مسلمانوں کو شہید اور سات لاکھ سے زائد افراد کو اپنے گھروں اور وطن سے ہجرت کرنے پر مجبور کیا گیا، جس پر پاکستان سمیت عالمی برادری نے تشویش ظاہر کی تھی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ غزہ میں جہاں اب تک ہزاروں افراد شہید اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں، وہاں جاری ظلم و بربریت کا حساب کب لیا جائے گا اور مظلوم فلسطینیوں کو انصاف کب فراہم ہوگا؟
یہ بھی پڑھیں : ایران پر کیمیائی و حیاتیاتی ہتھیاروں کے الزامات جنگ کا جواز گھڑنے کا پرانا امریکی حربہ ہیں، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ
شینزن میں ہونے والے سہ فریقی اجلاس پر تبصرہ کرتے ہوئے علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ شکست خوردہ سامراج کی پشیمانی اور برادر اسلامی ملک ایران کی جرأت و استقامت نے بین الاقوامی قوتوں کو نئے سرے سے غور و فکر کرنے اور جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی روک تھام جیسے معاملات پر توجہ دینے پر مجبور کر دیا ہے۔ ان کے مطابق ایران کے خلاف جارحیت اور اس کے ممکنہ نتائج نے عالمی قوتوں کو اس حقیقت کا احساس دلایا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی صورت میں دنیا شاید دوبارہ معمول کے حالات کی طرف واپس نہ آ سکے، اور یہی وہ اہم نکتہ ہے جس کے بعد جوہری جنگ نہ چھیڑنے پر اتفاق اور جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کی تجویز سامنے آئی۔
اپنے بیان کے اختتام پر علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ظلم ہمیشہ بہادر اور غیرت مند قوموں کے عزم و استقامت کے سامنے سرنگوں ہوتا ہے۔ ان کے بقول تاریخ میں انہی اقوام اور شخصیات کو یاد رکھا جاتا ہے جو مشکل ترین حالات میں بھی جرأت، حوصلے اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتی ہیں، لہٰذا مظلوم اقوام کی حمایت اور عالمی سطح پر انصاف کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔







