ایران کی عزت و وقار کے منافی کوئی معاہدہ قبول نہیں، ایرانی وزیر خارجہ
شیعیت نیوز : ایرانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران نے جنگ میں مزاحمت کی اور مخالف فریق کو کامیاب نہیں ہونے دیا، اس لیے سفارت کاری کے میدان میں بھی ایسا کوئی معاہدہ قبول نہیں کیا جائے گا جس کے ذریعے اپنی فتح مخالف فریق کے حوالے کر دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایران ایک اچھے، شرافتمندانہ اور باعزت معاہدے کا خواہاں ہے اور کوئی بھی ایسا معاہدہ نہیں چاہتا جو قوم کی عزت و وقار کو نقصان پہنچائے۔ ہم پر جنگ مسلط کی گئی اور دو مرتبہ عین اس وقت حملہ کیا گیا جب ہم مذاکرات میں مصروف تھے، جبکہ تیسری مرتبہ معاہدہ طے پانے کے صرف 15 دن بعد امریکی سامراج نے اس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک اور جنگ شروع کر دی۔
یہ بھی پڑھیں : ایران پر کیمیائی و حیاتیاتی ہتھیاروں کے الزامات جنگ کا جواز گھڑنے کا پرانا امریکی حربہ ہیں، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ
انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایسا معاہدہ کرنے کا کیا فائدہ جس کی دو ماہ بعد خلاف ورزی ہو جائے اور جنگ دوبارہ شروع ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ نہ جنگ نہ امن کی صورتحال سے نکلنا مطلوب ہے، لیکن اس کے لیے ایسا مستقل اور حتمی معاہدہ ضروری ہے جس کے بعد دوبارہ جنگ کی نوبت نہ آئے، محض موجودہ صورتحال سے نکلنے کے لیے ہر معاہدہ قبول نہیں کیا جا سکتا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے بتایا کہ امریکہ کے ساتھ بالواسطہ رابطوں میں قطر اور پاکستان ثالث کی حیثیت سے پیغامات اور تجاویز پہنچا رہے ہیں، ایران کے رابطے فی الحال انہی دو ممالک تک محدود ہیں اور دیگر ممالک کے حوالے سے سامنے آنے والی باتیں محض قیاس آرائیاں ہیں۔







