غزہ میں ڈرون حملوں سے ایک فلسطینی شہید، متعدد زخمی
غزہ میں ڈرون حملوں سے ایک فلسطینی شہید، متعدد زخمی
شیعیت نیوز : غاصب صیہونی فوج نے آج صبح مقبوضہ مغربی کنارے کے متعدد علاقوں پر وسیع پیمانے پر حملے کیے ہیں، جن میں بیت لحم، جنین، البیرہ، الخلیل، اریحا، سلفیت، قلقیلیہ، رام اللہ، نابلس اور طوباس شامل ہیں۔ ان جارحانہ کارروائیوں کے دوران صیہونی فوجیوں نے اندھا دھند فائرنگ کی، فلسطینی شہریوں کے گھروں کی تلاشی لی اور متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔ اریحا میں صیہونی فائرنگ سے ایک فلسطینی نوجوان ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا، جبکہ قلقیلیہ سے پانچ فلسطینیوں احمد ہشام ملوح، مومن حسنین، محمود ہندی، ان کے بیٹے محمد اور معتز ابو ذیاب کو حراست میں لے لیا گیا۔
صیہونی فوجیوں نے جنین کے جنوب میں واقع قصبے یعبد سے فلسطینی سابق اسیر عدنان حمارشہ کو بھی دوبارہ گرفتار کر لیا، جنہیں تین سال قید کے بعد محض تین روز قبل ہی رہا کیا گیا تھا۔ دوسری جانب صیہونی آبادکاروں نے بیت لحم کے جنوب مشرق میں واقع تقوع اور نابلس کے جنوب میں قبلان کے علاقوں پر دھاوا بول دیا اور متعدد گاڑیوں و فلسطینی گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر املاک کو نقصان پہنچایا۔
یہ بھی پڑھیں : مسلح افواج کو مقررہ وقت پر غیر محدود کارروائی کا حکم حاصل ہے، امام جمعہ تہران
ادھر محصور غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جن کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ وسطی غزہ میں النصیرات کیمپ کے شمال میں واقع نئے کیمپ کے فرہود چوک پر اسرائیلی ڈرون حملے میں دیاب عیسیٰ عمر راضی شہید ہو گئے۔ غزہ شہر کے وسطی علاقے الدرج میں السدرہ اسٹریٹ کے قریب فلسطینیوں کے ایک گروہ پر ڈرون حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، جبکہ اس سے قبل اسی محلے میں المعامل کے قریب فضائی حملے میں بھی کئی فلسطینی زخمی ہوئے تھے۔
مزید برآں، اسرائیلی جنگی کشتیوں نے جنوبی غزہ میں رفح کے ساحل کے قریب شدید فائرنگ کی، جبکہ صیہونی فوجی گاڑیوں نے خان یونس کے جنوبی علاقوں کو بھی فائرنگ کا نشانہ بنایا۔







