فلسطینی وفد کی چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل سے ملاقات، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ
شیعیت نیوز : فلسطینی قانون ساز کونسل کے رکن ڈاکٹر مروان ابو راس کی قیادت میں اعلیٰ سطحی فلسطینی وفد نے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی سے ملاقات کی۔ وفد میں فرینڈز آف فلسطین پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر بلال استل، عالمی اتحاد برائے نصرتِ القدس و فلسطین کے نمائندے ڈاکٹر زیاد ابو زید، شیخ محمود الشوبکی اور اسلام آباد میں حماس کے دفتر کے نمائندے رضوان آفریدی شامل تھے، جبکہ کونسل کی جانب سے ڈی جی ریسرچ ڈاکٹر غلام دستگیر شاہین اور سینئر ریسرچ آفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام فلسطینیوں کے حقِ خودارادیت اور آزاد و خودمختار ریاست کے قیام کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ فلسطینی عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھ کر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں، لہٰذا عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل میں مؤثر کردار ادا کرے۔
یہ بھی پڑھیں : آیت اللہ وحید خراسانی کی رحلت ایک علمی دور کا اختتام ہے، انجمنِ معرفتِ ذکر آل محمد کا تعزیتی بیان
اس موقع پر فلسطینی وفد کے اراکین نے مقبوضہ علاقوں کی سنگین صورتحال، اسرائیلی جارحیت، مسلسل فوجی کارروائیوں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جبری بے دخلی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین محض علاقائی تنازع نہیں بلکہ ایک قوم کی آزادی، خودمختاری اور اپنی سرزمین پر حقِ ملکیت کا بنیادی مسئلہ ہے۔ فلسطینی رہنماؤں نے پاکستانی عوام کی مسلسل یکجہتی کو سراہتے ہوئے امت مسلمہ بالخصوص پاکستان سے اپیل کی کہ وہ فلسطین کی مکمل آزادی کے لیے اپنی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے۔ ملاقات کے اختتام پر چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے مہمانوں کو کونسل کی منتخب مطبوعات پیش کیں، جبکہ فلسطینی وفد کی جانب سے چیئرمین کونسل اور ڈی جی ریسرچ کو فلسطینی شالیں بطورِ ہدیہ پیش کی گئیں۔







