مسلح افواج کو مقررہ وقت پر غیر محدود کارروائی کا حکم حاصل ہے، امام جمعہ تہران
حجت الاسلام حاج علی اکبری
شیعیت نیوز : خطیبِ جمعہ تہران حجت الاسلام والمسلمین حاج علی اکبری نے نمازِ جمعہ کے خطبوں میں کہا ہے کہ تقریباً آٹھ ماہ گزرنے کے بعد بھی عالمی استکبار کی حیرت، درماندگی اور بے بسی کے آثار فوجی، اقتصادی، سیاسی اور سفارتی میدانوں میں روز بروز زیادہ نمایاں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے جنوب میں دشمن کی فوجی نقل و حرکت اور قشم و سیریک میں میزائل لانچنگ کے بعض مقامات اور فضائی دفاعی نظام پر محدود حملے ناکام رہے، جبکہ ایرانی افواج نے دشمن کے کئی ڈرونز کو تباہ یا زمین پر اتار دیا۔ ان کے مطابق طویل تعیناتی کے باعث دشمن کی افواج تھکن، خوف، نفسیاتی مسائل، خودکشی کے واقعات اور گولہ بارود کی کمی کا شکار ہیں۔
دشمن پر معاشی و سیاسی دباؤ کا ذکر کرتے ہوئے خطیبِ جمعہ تہران نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے کنٹرول اور خلاف ورزی کرنے والے تیل بردار جہازوں کے خلاف کارروائی نے دشمن کی معیشت پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نہ جنگ آگے بڑھانے کی پوزیشن میں ہے اور نہ ہی کوئی معاہدہ اس کے لیے قابلِ حصول ہے، جبکہ اندرونِ ملک جنگ کی مخالفت اور انتخابی شکستوں نے ٹرمپ کے حامیوں کو مایوس کر دیا ہے۔ حجت الاسلام حاج علی اکبری نے امریکہ، چین اور روس کے سربراہان کے حالیہ اجلاس کو سفارتی میدان میں امریکہ کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نشست ایران کے حوالے سے کسی مؤثر نتیجے کے بغیر ختم ہوئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صیہونی حکومت داخلی و میدانی مشکلات میں گھری ہوئی ہے، جبکہ خطے کے وہ ممالک جو امریکہ سے تعاون کر رہے ہیں، جانتے ہیں کہ کسی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں انہیں سخت ضربات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یہ بھی پڑھیں : وسائل اور فوجی اڈے امریکہ و اسرائیل کے حوالے کرنے والے ممالک کا اسلامی دعویٰ محض نام تک محدود ہے، آیت اللہ سید محمد سعیدی
ایران کی دفاعی تیاریوں پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ اسلامی ایران اپنے حکیم و بہادر رہبر کی قیادت میں متحد ہے اور پیش کردہ سات شرائط ملک کی توجہ کا مرکز ہیں۔ انہوں نے دشمن کے ممکنہ نئے منظرناموں، جن میں محدود حملہ، داخلی بدامنی اور پھر وسیع فوجی کارروائی شامل ہے، کو دشمن کی سنگین غلط فہمی قرار دیا۔ نئے میزائل سٹی کی رونمائی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے دوٹوک اعلان کیا کہ ایرانی مسلح افواج سمندر، زمین اور فضا میں مکمل طور پر تیار ہیں اور انہیں مقررہ وقت پر بلاحدود اور غیر محدود کارروائی کا حکم حاصل ہے۔
خطبے کے دوسرے حصے میں انہوں نے سورۂ فتح کے اسٹریٹجک پیغامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امام اور ولیِ خدا کی ہدایت کے زیرِ سایہ امت کا متحد اور منظم تعاون ہی الٰہی فتوحات کی کنجی ہے۔ ہفتۂ بسیج کے آغاز کی مناسبت سے انہوں نے بسیج کو امام خمینیؒ کی عظیم یادگار اور قومی ہیروز تیار کرنے والا مکتب قرار دیا، جس نے داعش کے خاتمے سے لے کر علمی، ثقافتی، سماجی اور دفاعی میدانوں تک نمایاں کردار ادا کیا ہے اور مسجد محور سرگرمیوں کے ذریعے ملکی مسائل کے حل میں مصروف ہے۔







