کالعدم سپاہ صحابہ کا سوشل میڈیا پیج علامہ راجہ ناصر عباس کی کردار کشی میں مصروف
شیعیت نیوز : کالعدم دہشت گرد تنظیم سپاہ صحابہ اور لشکر جھنگوی کے میڈیا سیل سے وابستہ ایک سوشل میڈیا کارکن سینیٹ آف پاکستان میں قائد حزب اختلاف سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے خارجہ پالیسی سے متعلق ایوان میں کیے گئے خطاب کا ایک کلپ اٹھا کر نفرت انگیز اور فرقہ وارانہ منافرت پر مبنی جھوٹا پروپیگنڈا پھیلانے میں مصروف ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ مہم "محاذ ٹی وی” نامی ایک فیس بک پیج کے ذریعے چلائی جا رہی ہے، جس کے تقریباً 28 ہزار فالوورز ہیں اور جس پر یہ شخص اینکر بن کر کافی عرصے سے سادہ لوح عوام کے مذہبی جذبات بھڑکانے کا کام کر رہا ہے، جبکہ اس نے علامہ راجہ ناصر عباس کی تصویر بھی بغیر اجازت استعمال کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : یمن پر فیصلہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیے بغیر ہوا، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس
واضح رہے کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سینیٹ کے فلور پر اس پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا تھا جس میں انصاراللہ یمن کو کافر اور حرمین شریفین پر حملہ آور قرار دیا جا رہا تھا، اور حکومت سے سوال کیا تھا کہ جب پاکستان ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے ثالثی کر رہا ہے تو یمن اور سعودی رجیم کی جنگ میں ثالث کے بجائے فریق کیوں بن رہا ہے، نیز مکہ دفاعی معاہدے سمیت یمن جنگ میں شمولیت کے کسی بھی ممکنہ فیصلے سے پہلے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ کیا تھا۔
حکومت پاکستان اور بالخصوص نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ریاست کی جانب سے کالعدم قرار دی گئی تنظیم کے اس جعلی پیج کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور سینیٹ کے منتخب قائد حزب اختلاف کی کردار کشی میں ملوث شخص کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے۔







