روسی شہریت کے باوجود غزہ نہ چھوڑنے والے فلسطینی سرجن کی شہادت
شیعیت نیوز : غزہ میں غاصب اسرائیل کے حملوں اور محاصرے کے دوران روسی شہریت رکھنے والے فلسطینی سرجن ڈاکٹر رزق احمد ابوشعیرہ نے اپنی جان بچانے کے بجائے مظلوم عوام کی خدمت کو ترجیح دی اور بالآخر اسی اسپتال میں شہید ہوگئے جہاں وہ برسوں لوگوں کی جان بچاتے رہے۔
52 سالہ ڈاکٹر ابوشعیرہ خان یونس کے ناصر میڈیکل کمپلیکس میں شعبۂ جنرل سرجری کے سربراہ تھے۔ وہ چاہتے تو روسی شہریت کے ذریعے غزہ سے باہر جا سکتے تھے، لیکن انہوں نے پوری جنگ میں اسپتال نہیں چھوڑا اور تقریباً تین ماہ کے محاصرے میں ادویات اور طبی آلات کی شدید کمی کے باوجود زخمیوں کا علاج جاری رکھا۔
یہ بھی پڑھیں : ناصر اسپتال حملے کے بعد غاصب اسرائیل پر اسلحہ پابندی کے مطالبات میں شدت
جمعرات 12 نومبر کی صبح اسرائیلی جنگی طیاروں نے ناصر میڈیکل کمپلیکس کی یاسین عمارت کو دو میزائلوں سے نشانہ بنایا، جن میں سے ایک ان منزلوں پر گرا جہاں آئی سی یو اور آپریشن تھیٹر موجود تھے۔ ڈاکٹر ابوشعیرہ حملے سے چند گھنٹے پہلے ہی مریضوں کے آپریشن مکمل کر چکے تھے۔
اس حملے میں ڈاکٹر ابوشعیرہ سمیت 6 فلسطینی شہید ہوئے، جن میں مریض اور ان کے تیماردار بھی شامل تھے، جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق ان کی شہادت کے بعد غزہ میں شہید ہونے والے طبی عملے کی تعداد 1724 ہوگئی ہے۔







