اجر رسالت کی حقیقی ادائیگی مودت اہل بیت میں ہے، شیخ ذاکر حسین آغا
شیعیت نیوز : حجۃ الاسلام شیخ ذاکر حسین آغا نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رسالت کا اجر اہل بیت علیہم السلام کی مودت قرار دیا ہے، تاہم مودت محض زبانی محبت کا نام نہیں بلکہ اہل بیتؑ کی تعلیمات پر عملی پیروی ہی اجر رسالت کی حقیقی ادائیگی ہے۔
امامیہ آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ریجن کے زیر اہتمام مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو میں 3 جمادی الثانی، 14 نومبر کو ایام فاطمیہ کی تیسری مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے معاشرتی حقوق کی پامالی پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے غم میں آنسو بہانے کے ساتھ اپنی زندگیوں کا محاسبہ بھی کرنا چاہیے، کیونکہ آج بیٹیوں کو وراثت سے محروم رکھا جاتا ہے اور والدین و ہمسایوں کے حقوق پامال ہو رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : حضرت فاطمہ زہرا پوری بشریت کے لیے اسوۂ حسنہ ہیں، شیخ ذاکر حسین مقپون
ایام فاطمیہ کی مجالس پر اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رسول اکرمﷺ کی رحلت کے بعد حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت تاریخ اسلام کا دردناک باب ہے اور ایام فاطمیہ کا انعقاد اسی مظلومیت، عظمت اور پیغام سیدہؑ کو زندہ رکھنے کے لیے ہے۔
شیخ ذاکر حسین آغا نے امامیہ آرگنائزیشن کے ذمہ داران کو مجالس کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا اور تجویز دی کہ فلسفۂ غدیر اور ولایت امیرالمؤمنینؑ کے پیغام کو عام کرنے کے لیے بھی خصوصی پروگرام مختص کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ زہراؑ نے اپنے قول، کردار اور قربانی سے ولایت کا دفاع کیا، اور دفاع ولایت حق کے راستے میں استقامت اور عملی جدوجہد کا نام ہے۔







