غزہ میں صیہونی جارحیت جاری، طالبہ سمیت تین فلسطینی شہید

08 نومبر, 2026 18:58

شیعیت نیوز : غزہ میں صیہونی جارحیت کے نتیجے میں اتوار کو تین فلسطینیوں کی شہادت کی اطلاع ملی ہے۔ ان میں خان یونس میں بے گھر افراد کے خیموں پر تازہ بمباری سے شہید ہونے والے دو شہری اور گزشتہ حملے میں زخمی ہونے والی ایک طالبہ شامل ہیں جو زخموں کی تاب نہ لاسکی۔

طبی ذرائع کے مطابق خان یونس کے مغرب میں خیموں پر حملے سے نرمین سعید العمور اور محمود فضل ابوحماد شہید جبکہ آٹھ افراد زخمی ہوئے۔ نرسنگ کی طالبہ بسمہ عاطف السکسک گزشتہ منگل کو کالج کے احاطے میں قائم خیمے پر بمباری سے زخمی ہوئی تھیں اور اتوار کو دم توڑ گئیں۔

یہ بھی پڑھیں : حماس رہنما شیخ مروان ابو راس کی سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات

خان یونس میں حمد شہر کے مشرقی علاقے قطر کیمپ میں صیہونی فائرنگ سے ایک خاتون زخمی ہوئی۔ وسطی غزہ کے البریج کیمپ کے مشرق میں کواڈ کاپٹر سے پھینکے گئے بم کے ٹکڑے لگنے سے بھی ایک شہری زخمی ہوا، جبکہ شمالی غزہ کے بئر النعجہ میں شہریوں کے اجتماع پر ڈرون حملے سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔

غاصب اسرائیل کی فورسز نے مختلف علاقوں میں رہائشی محلوں اور بے گھر افراد کے خیموں کی جانب فائرنگ اور توپ خانے سے گولہ باری بھی جاری رکھی۔ فلسطینی وزارت صحت کے تازہ اعداد کے مطابق جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں شہداء کی مجموعی تعداد 1610 سے زائد اور زخمیوں کی تعداد 5819 تک پہنچ گئی ہے۔

7:09 شام نومبر 8, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔