غزہ میں 70 ہزار خیمے ڈوب گئے، ساڑھے تین لاکھ افراد متاثر ہوئے
شیعیت نیوز : غزہ میں شدید بارشوں سے 70 ہزار سے زائد خیمے زیر آب آگئے اور تقریباً ساڑھے تین لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ موسم سرما کی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے والی اعلیٰ کمیٹی کے مطابق چھ گھنٹوں کے دوران 45 سے 55 ملی میٹر بارش نے بے گھر فلسطینیوں کے بحران کو مزید سنگین بنا دیا۔
کمیٹی نے بتایا کہ غزہ کے تقریباً 2100 کیمپوں میں 15 لاکھ سے زائد بے گھر افراد مقیم ہیں۔ دستیاب دو لاکھ 70 ہزار خیموں میں سے ایک لاکھ 62 ہزار سے زائد پہلے ہی بوسیدہ ہوچکے ہیں، جبکہ ابتدائی براہِ راست جائزے میں 174 کیمپوں اور 6201 خاندانوں کو نقصان پہنچنے کی نشاندہی ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسلامی ممالک متحد ہوں تو صیہونی حکومت جارحیت نہیں کر سکے گی، صدر پزشکیان
شہری دفاع کو 2166 امدادی کالیں موصول ہوئیں لیکن محدود وسائل کے باعث صرف 218 پر کارروائی ہوسکی۔ کمیٹی کے مطابق بعض مقامات پر پانی ڈیڑھ میٹر سے بلند ہوگیا، جبکہ غاصب اسرائیل کی جانب سے تیل اور پرزوں کے داخلے میں رکاوٹوں نے امدادی گاڑیوں کو بھی متاثر کیا ہے۔
کمیٹی نے کہا کہ صیہونی حملوں میں بنیادی ڈھانچے کی وسیع تباہی، نکاسی آب کے نظام کو نقصان اور خستہ عمارتیں خطرات بڑھا رہی ہیں۔ اس نے عالمی برادری اور جنگ بندی کے ضامن ممالک سے امدادی سامان، محفوظ خیموں، عارضی رہائش، ایندھن اور ریسکیو آلات کی فوری فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔







