سعودی عرب میں قطیف کے دو شیعہ کارکنوں کو سزائے موت
شیعیت نیوز : سعودی عرب نے 2011ء میں قطیف کے احتجاجی مظاہروں میں شرکت کرنے والے مشرقی صوبے کے دو شیعہ شہریوں فاضل صفوانی اور جواد قریریص کو سزائے موت دے دی ہے۔ ان میں سے ایک کی گرفتاری کو اقوام متحدہ سے وابستہ ایک ورکنگ گروپ پہلے ہی من مانی اور غیر قانونی حراست قرار دے چکا تھا۔
سعودی وزارت داخلہ نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں کو ایک غیر ملکی دہشت گرد تنظیم میں شمولیت، سکیورٹی فورسز پر فائرنگ، اسلحہ رکھنے اور مالی معاونت کے الزامات میں تعزیری سزائے موت دی گئی، جبکہ دونوں شیعہ کارکنوں کو 2011ء اور 2012ء کے احتجاجی مظاہروں میں شرکت کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی جارحیت کا جواب، یمنی افواج کا ریاض ایئرپورٹ اور آرامکو تنصیبات پر حملہ
انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق جواد قریریص ان مظاہروں کے وقت صرف 14 سے 15 برس کے تھے۔ ان تنظیموں نے ان پر تشدد، قید تنہائی اور دباؤ کے ذریعے اعترافات حاصل کرنے کے واقعات بھی دستاویزی شکل میں محفوظ کیے تھے۔ سعودی سپریم کورٹ نے 2024ء کے اواخر میں ان کی سزائے موت منسوخ کی تھی، تاہم دوبارہ سماعت کے بعد پھر سے سزائے موت سنا دی گئی۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے آغاز سے اب تک سعودی عرب میں کم از کم 209 افراد کو سزائے موت دی جا چکی ہے، جبکہ سعودی حکام نے 11، 12 اور 14 نومبر کو مزید پانچ سزاؤں پر عمل درآمد کی اطلاع دی ہے۔







