سیرت زہرا حق پر استقامت کا درس دیتی ہے، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی

15 نومبر, 2026 14:21

شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ حق اور اصولوں کی حفاظت کے لیے ہر دور میں بصیرت، جرأت اور استقامت کا مظاہرہ کیا جائے۔

علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ نے 14 نومبر کو سرائے عالمگیر، ضلع جہلم میں حوزہ علمیہ امام حسن علیہ السلام میں شہادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مجلس عزا میں شرکت کی، جہاں شیعہ علماء کونسل پاکستان شمالی پنجاب کے صدر علامہ اشتیاق حسین کاظمی سمیت علمائے کرام نے مرکزی وفد کا استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیں : عالمی طاقتوں کے بجائے اللہ پر توکل کیا جائے، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی

مجلس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی حیات مبارکہ خواتین سمیت تمام انسانیت کے لیے کامل نمونہ ہے، جو عبادت، تقویٰ، ایثار، مظلوموں کی حمایت اور دین اسلام کے اصولوں پر ثابت قدمی کا عملی نمونہ ہے۔ آپؑ کی عظمت سمجھنے کے لیے رسول اکرمﷺ کی آپؑ سے محبت کو پیش نظر رکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجالس عزا کا مقصد اہل بیت اطہار علیہم السلام کی سیرت سے آگاہی کے ساتھ ان کے پیغام کو انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنانا ہے۔ مجلس کے اختتام پر علمائے کرام کے وفد نے مرکزی سیکرٹری جنرل سے ملاقات میں تنظیمی امور، قومی مسائل اور دینی و ملی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

2:33 شام نومبر 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔