جنگ بندی کے باوجود غزہ میں انسانی المیہ جاری، عالمی برادری فوری اقدام کرے، حماس

10 نومبر, 2026 12:28

شیعیت نیوز : اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے کہا ہے کہ نسل کشی کی جنگ، بنیادی ڈھانچے اور زندگی کی بنیادی سہولیات کی وسیع پیمانے پر تباہی کے نتیجے میں جنگ بندی معاہدے کے باوجود غزہ کی پٹی میں انسانی المیہ بدستور جاری ہے، اور موسم سرما کی آمد کے ساتھ بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

حماس نے اپنے بیان میں کہا کہ غاصب صیہونی حکومت منظم انداز میں غزہ میں انسانی بحران کو مزید گہرا اور طویل کر رہی ہے تاکہ فلسطینی عوام کے عزم کو توڑا جا سکے۔ تحریک نے اس طرز عمل کو سنگین جنگی جرم اور بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے محاصرہ ختم کرنے، انسانی امداد کی مسلسل ترسیل اور صیہونی رہنماؤں کو جنگی مجرم کے طور پر جواب دہ ٹھہرانے کا مطالبہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں : غزہ میں 70 ہزار خیمے ڈوب گئے، ساڑھے تین لاکھ افراد متاثر ہوئے

حماس نے عرب و اسلامی اقوام اور دنیا بھر کے حریت پسندوں سے اپیل کی کہ وہ سڑکوں اور عوامی مقامات پر احتجاجی سرگرمیوں کو وسعت دیں اور غزہ کا محاصرہ ختم کروانے کے لیے دباؤ جاری رکھیں۔ تحریک نے ایمسٹرڈیم میں غزہ کی حمایت میں ہونے والے بڑے مظاہرے میں ڈچ شہریوں کی وسیع شرکت کو بھی سراہا۔

دوسری جانب کیوبا کے وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں صیہونی حکومت کے مسلسل جرائم کے خلاف کھڑی ہو۔ انہوں نے کہا کہ انسانی امداد کی ترسیل روکنا ناقابل قبول اور مجرمانہ اقدام ہے، جبکہ درجہ حرارت میں کمی اور شدید بارشوں کے باعث ہزاروں خیمے پانی میں ڈوب چکے ہیں۔

12:47 شام نومبر 10, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔