ایام فاطمیہ حق شناسی اور وفاداری کا پیغام، علامہ شیخ محمد جواد حافظی
شیعیت نیوز : مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو کے نائب امام جمعہ علامہ شیخ محمد جواد حافظی نے کہا ہے کہ ایام فاطمیہ محض غم و ماتم کے ایام نہیں بلکہ معرفت، وفاداری، حق شناسی اور اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات پر عمل کرنے کا عظیم پیغام رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات 13 نومبر کو خطبہ جمعہ میں کہی۔
علامہ شیخ محمد جواد حافظی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا یہ فرمان نقل کیا: أَمَا وَاللهِ لَوْ تَرَكُوا الْحَقَّ عَلَى أَهْلِهِ وَاتَّبَعُوا عِتْرَةَ نَبِيِّهِ لَمَا اخْتَلَفَ فِي اللهِ اثْنَانِ، یعنی خدا کی قسم! اگر لوگ حق کو اس کے اہل کے سپرد کر دیتے اور اپنے نبی کی عترت کی پیروی کرتے تو خدا کے بارے میں دو افراد کے درمیان بھی اختلاف نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ شہادت حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی مختلف تاریخوں پر بغیر تحقیق اعتراضات سے گریز کیا جائے اور علما کی دینی خدمات کی قدر کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں : ایام فاطمیہ کی اعتقادی اور معرفتی اہمیت سمجھنے کی ضرورت ہے، علامہ شیخ جواد حافظی
انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا امت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے شفاعت کا عظیم وسیلہ ہیں، اور روایت کے مطابق آپ نے اپنا مہر قیامت کے دن امت کے اہل ایمان کی شفاعت قرار دینے کی درخواست کی تھی۔ ایام فاطمیہ اور واقعہ کربلا کو ایک دوسرے سے جدا کر کے نہیں بلکہ باہم مربوط کر کے سمجھنے کی ضرورت ہے۔ آج شہید رہبر کے مقدس خون، شہدائے اسلام کی قربانیوں اور حزب اللہ، حشد الشعبی، انصار اللہ اور حماس کے جوانوں کی جدوجہد سے حالات میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔
علامہ شیخ محمد جواد حافظی نے وطن عزیز میں جاری دہشت گردی اور سکیورٹی اہلکاروں و پولیس کے جوانوں کی شہادتوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کو عالمی سازشوں اور خطے کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں بھی دیکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو غیر معمولی دفاعی قوت اور ایٹمی صلاحیت عطا کی ہے جس کی حفاظت ضروری ہے، ہمسایہ ممالک سے تعلقات سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے بہتر بنائے جائیں، اور قومی اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیا جائے۔







