اول وقت نماز اللہ سے محبت کی علامت، آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی
شیعیت نیوز : وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے لاہور میں جامع مسجد علی، حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اول وقت میں نماز پڑھنا اللہ تعالیٰ سے محبت کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ ہفتے میں ایک بار آتا ہے، جسے غربا اور فقرا کے لیے عید کہا گیا ہے، اور جو لوگ حج کے لیے نہیں جا سکتے انہیں جمعہ میں حج کا ثواب ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نماز کا حکم دے کر اللہ تعالیٰ نے مسلمان کے لیے دن میں پانچ مرتبہ اپنے گھر آنے کا اہتمام کیا ہے۔ اہل بیت علیہم السلام کے مطابق پانچ نمازیں تین اوقات میں ادا کرنے میں بھی کوئی حرج نہیں، اور برادران اہل سنت بھی نمازیں جمع کر کے پڑھتے ہیں۔ امام علی نقی اور امام حسن عسکری علیہما السلام نے شیعوں کی جو علامتیں بیان کی ہیں، ان میں پہلی علامت اول وقت میں نماز پڑھنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : میانہ روی کی زندگی گزارنے والا کبھی فقیر یا غریب نہیں ہوگا، آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی
آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا کہ نماز میں وقت کی پابندی مومن کی عادت کا حصہ ہونی چاہیے۔ اگر انسان دکان پر بیٹھا ہو اور نماز کا وقت ہو جائے تو فوراً نماز کے لیے چل پڑے، اسی عمل کو دیکھ کر گھر والے اور بچے بھی نماز کے پابند بنیں گے۔ انہوں نے مولانا صفدر حسین نجفی کی مثال دی، جو جلسے کی صدارت کے دوران بھی نماز کا وقت ہوتے ہی اٹھ کر نماز ادا کرتے اور پھر واپس آتے تھے۔
انہوں نے امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کا قول نقل کیا کہ جب رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے آپ کو یمن کا والی بنا کر بھیجا تو ہدایت فرمائی کہ نماز باجماعت اس طرح پڑھانا کہ کمزور ترین، بوڑھا اور مریض بھی پیچھے نماز ادا کر سکے، لیکن اپنی نماز خشوع و خضوع کے ساتھ طویل کر کے پڑھنا۔ انہوں نے زور دیا کہ انسان ہر صورت میں جمعہ اپنی جگہ پر ادا کرنے کی کوشش کرے۔







