قرآن میں تمام مسائل کا حل موجود ہے، علامہ سید ساجد علی نقوی
شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی سے ایران کے سینئر اساتذہ ڈاکٹر پروفیسر محمد باقر چیت چیان اور پروفیسر رضا بابازادہ نے البصیرہ کے صدر نشین ڈاکٹر سید علی عباس نقوی کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں تدبر قرآن کے حوالے سے جاری علمی و تحقیقی خدمات، ان کے فروغ اور پاکستان بھر میں اس کام کا دائرہ وسیع کرنے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
مہمان اساتذہ نے بتایا کہ تدبر قرآن کا یہ علمی و فکری کام شہید رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای (رضوان اللہ علیہ) کی رہنمائی و سرپرستی میں شروع ہوا تھا۔ تقریباً چھ سال قبل مرحوم ڈاکٹر ثاقب اکبر نقوی نے پاکستان میں اس کام کا آغاز کیا، جو اب ڈاکٹر سید علی عباس نقوی کی کاوشوں سے ملک بھر میں مؤثر انداز میں پھیل رہا ہے۔ مہمان اساتذہ تدبر قرآن کی ورکشاپ کے سلسلے میں پاکستان آئے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : تدبر قرآن کی مؤثر تدریس معاشرے پر گہرے اثرات چھوڑتی ہے، ڈاکٹر محمد باقر چیت چیان
علامہ سید ساجد علی نقوی نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے تدبر قرآن کے حوالے سے جاری خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید میں ہمارے مذہبی، سیاسی، سماجی، ثقافتی اور روزمرہ زندگی کے تمام مسائل کا حل موجود ہے، لہذا تدبر قرآن کو خصوصی اولیت دی جانی چاہیے۔ اس علمی و قرآنی تحریک کو تمام مدارس، دینی مراکز اور علمی اداروں تک پہنچایا جائے اور اس کا دائرہ تمام مسالک و مکاتب فکر تک وسیع کیا جائے، تاکہ قرآنی تعلیمات سے وسیع تر سطح پر استفادہ ہو سکے۔
ملاقات کے دوران مہمانوں نے علامہ سید ساجد علی نقوی کو 51 سال قبل تدبر قرآن کے موضوع پر شہید رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای (رضوان اللہ علیہ) کے دست مبارک سے لکھی گئی ایک قلمی تحریر بھی پیش کی، جو اس قرآنی کام کی تاریخی اہمیت کی عکاس ہے۔ اس موقع پر علامہ سید ساجد علی نقوی کے قانونی مشیر سید سکندر عباس گیلانی ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔







