مظلومیت و شہادت تاریخ اسلام کا دردناک باب ہے، علامہ سید باقر حسین زیدی

13 نومبر, 2026 15:41

شیعیت نیوز : ترجمان و سینئر نائب صدر جعفریہ الائنس پاکستان علامہ سید باقر حسین زیدی نے ایام شہادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے موقع پر کہا ہے کہ آپ کی ذات اقدس پیغمبر اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تربیت، اخلاق، عبادت، عفت، حیا، صبر اور حق گوئی کا کامل نمونہ ہے، اور سیرت طیبہ پوری انسانیت بالخصوص خواتین اسلام کے لیے مشعل راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیدہ کائنات کی مظلومیت اور شہادت تاریخ اسلام کا دردناک باب ہے، جسے یاد کرنا محض سوگ کا اظہار نہیں بلکہ حق و صداقت، عدل و انصاف اور اہل بیت اطہار علیہم السلام سے محبت و وابستگی کے عہد کی تجدید بھی ہے۔ آپ نے اپنے کردار اور استقامت سے حق کی سربلندی کے لیے جو مثال قائم کی وہ رہتی دنیا تک انسانیت کی رہنمائی کرتی رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی کے نشتر پارک میں ایام فاطمیہ کی مرکزی مجالس، ہزاروں عزاداروں کی شرکت

علامہ سید باقر حسین زیدی نے کہا کہ رسول اکرم نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے اپنی محبت کے ذریعے امت کو اہل بیت اطہار کے مقام و منزلت سے آگاہ فرمایا۔ آج ذمہ داری ہے کہ سیرت زہرا کو انفرادی و اجتماعی زندگیوں میں اپنایا جائے اور معاشرے میں عدل، مساوات، احترام انسانیت اور حق گوئی کو فروغ دیا جائے۔

ترجمان جعفریہ الائنس نے ملت جعفریہ سمیت تمام محبان اہل بیت علیہم السلام سے اپیل کی کہ ایام فاطمیہ عقیدت و احترام، اتحاد امت، صبر و تحمل اور سیرت اہل بیت کی ترویج کے ساتھ منائیں اور ان مقدس ایام میں اتحاد و وحدت، امن و بھائی چارے کو مقدم رکھیں۔ دریں اثنا وہ 3 جمادی الثانی بروز ہفتہ جعفر طیار سوسائٹی میں دستہ ابوالفضل علیہ السلام کے زیر اہتمام مرکزی مجلس عزا سے خطاب کریں گے، جس میں سیدہ کائنات کی مظلومیت بیان کی جائے گی۔

3:54 شام نومبر 13, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔