عالمی طاقتوں کے بجائے اللہ پر توکل کیا جائے، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی

14 نومبر, 2026 12:52

شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا ہے کہ مسلمانوں کو عالمی طاقتوں کے وعدوں پر بھروسہ کرنے کے بجائے اللہ تعالیٰ پر توکل کرنا چاہیے اور اپنے اتحاد و دفاع کے لیے عملی کردار ادا کرنا چاہیے۔ مسلم حکمرانوں کو بھی اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرتے ہوئے امت مسلمہ کے مفادات کو مقدم رکھنا ہوگا۔

انہوں نے 13 نومبر کو مسجد و امام بارگاہ بقیۃ اللہ، ڈیفنس کراچی میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا کہ ایام فاطمیہ محض اظہار غم کا نام نہیں بلکہ سیرت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا، خطبہ فدکیہ اور دفاع امامت کے پیغام کو سمجھنے اور عملی زندگی میں نافذ کرنے کا موقع ہے۔ قرآن و عترت سے تمسک کا مطلب صرف محبت کا اظہار نہیں بلکہ ان کی تعلیمات کو سمجھنا، قبول کرنا اور ان پر عمل کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : تاریخی حقائق بیان کریں مگر اشتعال انگیزی سے گریز کیا جائے، علامہ شبیر میثمی

علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا کہ ہمارے منبروں سے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا پر ہونے والے مظالم کو دلائل اور مستند حوالوں کے ساتھ بیان کیا جائے، تاہم اس کے لیے دوسروں کے مقدسات کی توہین یا تضحیک کی کوئی ضرورت نہیں۔ اہل سنت اہل بیت علیہم السلام سے گہری محبت رکھتے ہیں، اور موجودہ حالات میں اسلام ہم سے اتحاد، اخوت اور باہمی احترام کا تقاضا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد لا الہ الا اللہ پر رکھی گئی ہے، لہذا حکمران ملک کی نظریاتی اساس، خودمختاری اور عوامی مفادات کو مقدم رکھیں۔ انہوں نے ملک پر سودی قرضوں کے بوجھ پر تشویش ظاہر کی اور عوام کو سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے غیر حقیقی تجزیوں اور پروپیگنڈے سے بچنے کی تلقین کی۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ بچوں کو مجالس عزا میں ساتھ لائیں تاکہ نئی نسل اہل بیت علیہم السلام کی معرفت کے ساتھ پروان چڑھے۔

1:06 شام نومبر 14, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔