فاطمہ کی رضا اللہ کی رضا، ناراضی اللہ کی ناراضی، آغا سید مصطفیٰ شاہ
شیعیت نیوز : سکردو میں حجۃ الاسلام آغا سید مصطفیٰ شاہ نے کہا ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی رضا و ناراضی، اللہ تعالیٰ کی رضا و ناراضی کا معیار ہے، لہذا ہر انسان کو اپنے اعمال و کردار کا محاسبہ اس معیار پر کرنا چاہیے کہ اس کا طرز عمل سیرت و تعلیمات حضرت زہرا کے مطابق ہے یا نہیں۔
شہادت حضرت فاطمہ زہرا کے ایام کی مناسبت سے امامیہ آرگنائزیشن پاکستان، بلتستان ریجن کے زیر اہتمام مرکزی جامع مسجد سکردو میں پہلی مجلس عزا یکم جمادی الثانی 1448ھ، مطابق 12 نومبر کو منعقد ہوئی، جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حدیث بیان کی: إِنَّ اللّٰهَ يَغْضَبُ لِغَضَبِ فَاطِمَةَ وَيَرْضَى لِرِضَاهَا، یعنی بے شک اللہ تعالیٰ حضرت فاطمہ کے غضب پر غضب ناک ہوتا ہے اور آپ کی رضا پر راضی ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : گلگت بلتستان کے وسائل مقامی باشندوں کی ملکیت ہیں، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
آغا سید مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ اس حدیث مبارکہ سے حضرت فاطمہ زہرا کے مقام و منزلت اور آپ کی رضا و ناراضی کی اہمیت واضح ہوتی ہے۔ انسان کو اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی، اعمال اور کردار کا جائزہ لیتے ہوئے یہ دیکھنا چاہیے کہ آیا اس کا طرز عمل حضرت زہرا کی تعلیمات اور رضایت کے مطابق ہے یا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی عمل سے حضرت فاطمہ زہرا کی ناراضی کا سبب پیدا ہو تو اسے معمولی معاملہ نہیں سمجھنا چاہیے، کیونکہ آپ کی ناراضی اللہ تعالیٰ کی ناراضی کا باعث ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی زندگی کو سیرت و تعلیمات حضرت زہرا کے مطابق ڈھالیں اور آپ کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش کریں۔







