علم، حق گوئی اور استقامت کی روشن مثال، شہید علامہ سید محمد جعفر زیدیؒ

10 نومبر, 2026 12:21

شیعیت نیوز : برصغیر کی علمی و دینی تاریخ میں شہید علامہ سید محمد جعفر زیدیؒ کا شمار ان ممتاز شخصیات میں ہوتا ہے جن کی زندگی علم و عمل، تقویٰ، حق گوئی اور استقامت کی روشن مثال تھی۔ امام خمینیؒ اور انقلاب اسلامی کی حمایت میں اپنے موقف پر ثابت قدم رہنے والے اس عالم دین کو 3 نومبر 1980ء کو لاہور میں قاتلانہ حملے میں شدید زخمی کیا گیا اور 7 نومبر 1980ء شب جمعہ آپ نے جام شہادت نوش کیا۔

شہید علامہ سید محمد جعفر زیدیؒ 1908ء میں میمن سادات ضلع بجنور ہندوستان میں پیدا ہوئے اور دینی تعلیم کا بیشتر حصہ مدرسہ منصبیہ میرٹھ میں حاصل کیا۔ آپ نے تقریباً بائیس سال بریلی میں دینی خدمات انجام دیں، تحریک پاکستان کی بھرپور حمایت کی اور 1956ء میں پاکستان منتقل ہوگئے۔ 1957ء سے لاہور کی جامع مسجد صاحب الزمان کرشن نگر میں تادم شہادت امامت جمعہ و جماعت کے فرائض انجام دیتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں : شہیدِ راہِ قلم سعید حیدر زیدی کی 14ویں برسی، علمی خدمات آج بھی مشعلِ راہ ہیں

آپ کی مجالس محض خطابت تک محدود نہیں تھیں بلکہ ان میں قرآنی آیات، احادیث اور معارف اہل بیتؑ کو علمی استدلال اور تحقیقی انداز میں پیش کیا جاتا تھا، یہاں تک کہ علامہ طالب جوہری مرحوم نے بھی آپ کی علمی مجالس کو خراج تحسین پیش کیا۔ آپ ماہنامہ پیام عمل اور درس عمل کے سرپرست رہے، علمی و تحقیقی مضامین لکھے اور شعر و ادب کا اعلیٰ ذوق بھی رکھتے تھے۔

آپ امام خمینیؒ کو نائب امام سمجھتے تھے اور ان کی حمایت کو اپنا دینی فریضہ قرار دیتے تھے۔ دھمکی آمیز گمنام خط ملنے کے باوجود آپ نے فرمایا کہ امام خمینی نائب امام ہیں اور میں ان کی حمایت کرنا اپنا فرض سمجھتا ہوں۔ شہادت کے بعد ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں آپ کو کربلا گامے شاہ لاہور میں سپرد خاک کیا گیا۔

12:37 شام نومبر 10, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔