الشریہ قتل عام: 44 یمنی شہید، آزاد عالمی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ
شیعیت نیوز : یمن کے قومی کمیشن برائے انسانی حقوق نے دارالحکومت صنعاء کے مشرق میں واقع ضلع بنی حشیش کے گاؤں الشریہ میں جائے وقوعہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سعودی جنگی طیاروں کی بمباری میں ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق 44 یمنی شہری شہید اور 40 زخمی ہوئے۔ کمیشن نے سعودی رجیم کو اس قتل عام کا مکمل ذمہ دار قرار دیا۔
کمیشن کے مطابق سعودی جنگی طیاروں نے ہفتے کے روز دوپہر کے وقت شہریوں کے رہائشی مکانات کو براہ راست اور دانستہ بمباری کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں چھ رہائشی مکانات اپنے مکینوں سمیت مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ ابتدائی حملے کے بعد اسی مقام کو تین مرتبہ دوبارہ نشانہ بنایا گیا، جس کی زد میں ایمبولینس کا عملہ اور امدادی کارکن بھی آگئے۔
یہ بھی پڑھیں : صنعاء: رہائشی مکانات پر امریکی پراکسی سعودی رجیم کی بمباری، 22 شہری شہید
کمیشن نے کہا کہ امدادی ٹیموں پر حملے ناقابل معافی جنگی جرم ہیں اور ان سے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی انسانی کوششوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ کمیشن کے مطابق ان جرائم سے متعلق تمام مقدمات، شواہد، دستاویزی ثبوت اور ملوث افراد کے نام مرتب کیے جا چکے ہیں، اور ایک آزاد بین الاقوامی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا گیا جو الشریہ سمیت متاثرہ علاقوں کا براہ راست معائنہ کرے۔
یمنی وزارت خارجہ نے بھی عالمی برادری سے بنی حشیش میں ہونے والے جنگی جرم کی تحقیقات کے لیے بین الاقوامی تحقیقاتی کمیٹی قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ شہریوں کو نشانہ بنانا 2015ء سے یمن کے خلاف سعودی رجیم کے مسلسل اور منظم حملوں کا حصہ ہے۔







