تدبر قرآن کی مؤثر تدریس معاشرے پر گہرے اثرات چھوڑتی ہے، ڈاکٹر محمد باقر چیت چیان
شیعیت نیوز : تدبر قرآن کے ممتاز ایرانی استاد ڈاکٹر محمد باقر چیت چیان نے کہا ہے کہ تدبر قرآن اور عقائد کی مؤثر تدریس معاشرے پر گہرے روحانی، فکری اور سماجی اثرات مرتب کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بات کراچی میں BIS کے تعلیمی مراکز کے دورے کے موقع پر انتظامیہ، اساتذہ اور رضاکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ڈاکٹر محمد باقر چیت چیان تہران یونیورسٹی سمیت مختلف جامعات اور دینی اداروں میں تدبر قرآن کی تدریس کے حوالے سے معروف ہیں۔ دورے میں ادارہ تنزیل پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر سید علی عباس نقوی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ BIS کے چیئرمین برادر کاشف زیدی اور فاؤنڈیشن پروگرام کے ہیڈ برادر یاسر عباس نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔
یہ بھی پڑھیں : مدرسہ صراطِ الٰہی میں قرآنی و سیرتِ زہرا (س) سیمینار کا انعقاد، علمائے کرام اور طالبات کی شرکت
مہمانوں نے فاؤنڈیشن پروگرام اور ریفریشر کورس کی کلاسز کا دورہ کیا، طلبہ و اساتذہ سے ملاقات کی اور احکام، عقائد، اخلاق اور قرآن مجید کی تدریس میں قرآن و حدیث سے استفادے کے طریقہ کار کو سراہا۔ ڈاکٹر چیت چیان نے مولانا سید ضیغم علی رضوی کی کلاس میں عقائد اور تدبر قرآن کے باہمی ربط پر اظہار خیال کیا اور شیخ مفید لائبریری کا بھی دورہ کیا۔
برادر ہادی راجانی نے مہمانوں کو BIS کے تعلیمی و تربیتی مقاصد اور کورسز پر پریزنٹیشن دی۔ مقررین نے دونوں اداروں کے مشترکہ دینی و تعلیمی مقاصد کے حصول کے لیے باہمی تعاون اور تجربات کے تبادلے پر زور دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ دورہ تعاون کے نئے امکانات پیدا کرے گا۔







