کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملے بغیر برصغیر میں امن ممکن نہیں، علامہ سید ساجد علی نقوی
شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر برصغیر میں بدامنی کی بنیاد اور تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے، اور جب تک کشمیری مظلوموں کو حق خود ارادیت نہیں ملے گا، خطے میں امن قائم نہیں ہوگا۔ انہوں نے یہ بات 6 نومبر کو یوم شہدائے جموں کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی افواج غیر آئینی طور پر کشمیر پر قابض ہوئیں اور 6 نومبر 1947ء کو کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیے گئے، مگر آج بھی کشمیری عوام تمام مظالم کے باوجود اپنے حق خود ارادیت کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اقبال کا پیغام عملی زندگی میں اپنایا جائے، علامہ سید ساجد علی نقوی
انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے چپے چپے پر ظلم کی داستانیں رقم ہیں اور صیہونیت و ہندوتوا سوچ ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک یہ مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہوگا، برصغیر میں امن قائم نہیں ہوسکے گا۔
جنگوں اور مسلح تصادم میں ماحولیات کے استحصال کے خاتمے کے عالمی دن پر تبصرہ کرتے ہوئے علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ فلسطین میں یکطرفہ جنگ کے سبب انسانیت کا استحصال ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ مذمتی بیانات اور قراردادوں سے آگے نہیں بڑھ سکا، اس لیے اسے براہ راست انسانی استحصال کا دن منانا چاہیے۔







