شہیدِ راہِ قلم سعید حیدر زیدی کی 14ویں برسی، علمی خدمات آج بھی مشعلِ راہ ہیں
شیعیت نیوز : ملت جعفریہ کے معروف دانشور، مترجم اور مصنف شہید سعید حیدر زیدی کی 14ویں برسی آج 9 نومبر کو منائی جا رہی ہے۔ انہیں 9 نومبر 2012ء کو کراچی کے علاقے کریم آباد میں کالعدم تکفیری دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے شہید کر دیا تھا۔
شہادت کے وقت ان کی اہلیہ بھی ان کے ہمراہ تھیں، جن کے مطابق دہشت گردوں نے عقب سے سعید حیدر زیدی کے سر میں گولی ماری تھی۔ 2012ء کا سال ملت جعفریہ کے لیے انتہائی کرب ناک تھا، جب تکفیری دہشت گردوں نے متعدد قیمتی شخصیات کو نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیں : شہید جاوید حیدر شاہ کی برسی: شہداء کی یاد قربانیوں کو نئی نسل تک منتقل کرنے کا ذریعہ ہے
شہید سعید حیدر زیدی اولڈ رضویہ کے رہائشی تھے۔ انہوں نے استاد شہید مرتضیٰ مطہری کی کئی کتابوں کا اردو ترجمہ کیا اور متعدد کتابوں کے مصنف بھی تھے۔ دینی کتب کی اشاعت و ترجمے کے لیے انہوں نے دارالثقلین کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا تھا۔
شہید سعید حیدر زیدی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی ذیلی نظارت کے رکن تھے اور متعدد ملی تنظیموں کی رہنمائی اور تربیتی امور میں پیش پیش رہتے تھے۔ ان کی کتب اور تالیفات آج بھی ملت جعفریہ کے نوجوانوں کے لیے علمی رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔







