قرآن اور عصری علوم سے آراستہ نسل نو کی تیاری ہمارا مشن ہے، مدرسہ حفاظ القرآن سکردو

10 نومبر, 2026 12:17

شیعیت نیوز : مدرسہ حفاظ القرآن سکردو کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات و اعلان نتائج منعقد ہوئی، جس میں مقررین نے کہا کہ قرآن کریم کی تعلیم و تربیت کے ساتھ عصری علوم سے آراستہ نسل نو کی تیاری ادارے کا بنیادی مشن ہے۔ تقریب کی صدارت صدر انجمن امامیہ بلتستان و نائب امام جمعہ آغا سید باقر حسین الحسینی نے کی۔

ناظم اعلیٰ مدینہ اہل بیت شیخ محمد علی مظفری اور ڈی آئی ایس سکردو حاجی ابوالحسن مہمانان خصوصی تھے۔ تقریب کا آغاز حفاظ کرام کی اجتماعی تلاوت قرآن کریم سے ہوا، جبکہ طلبہ نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شان میں گروہی تواشیح بھی پیش کی۔ مدرسے کے پرنسپل شیخ محمد الیاس قمی نے خطبہ استقبالیہ میں ادارے کے علمی و تربیتی سفر اور طلبہ کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں : بلتستان کے دینی مدارس میں 500 سے زائد تحقیقی مقالات مکمل، محققین کو اعزازات دیے گئے

مہمانان خصوصی نے اپنے خطاب میں تعلیم و تربیت کی اہمیت، فروغ قرآن اور طلبہ کی علمی و اخلاقی نشوونما پر روشنی ڈالی۔ آغا سید باقر حسین الحسینی نے صدارتی خطاب میں قرآن کریم سے مضبوط تعلق استوار کرنے، حصول علم میں استقامت اور کردار سازی کی اہمیت پر زور دیا۔ والدین کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک طالب علم کے والد نے اساتذہ کی محنت اور ادارے کی خدمات کو سراہا۔

مقررین نے مدرسے کے بانی محسن ملت آیت اللہ شیخ محسن علی نجفیؒ کی گراں قدر علمی و دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محسن ملت کا لگایا ہوا قرآنی و علمی پودا شیخ محمد اسحاق نجفی اور شیخ انور علی نجفی کی سرپرستی میں کامیابی کے نئے سنگ میل عبور کر رہا ہے۔ تقریب کے اختتام پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات و اعزازات تقسیم کیے گئے۔

12:37 شام نومبر 10, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔