آبنائے ہرمز سے کوئی بارودی سرنگ صاف نہیں کی گئی، ترجمان سپاہ پاسداران
شیعیت نیوز : سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ترجمان نے آبنائے ہرمز سے بحری بارودی سرنگیں صاف کیے جانے کے امریکی دعووں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے کوئی جنگی بارودی سرنگ صاف نہیں کی گئی اور یہ دعویٰ صریحاً جھوٹ ہے۔
ترجمان سپاہ پاسداران امریکی صدر کے اس دعوے کا جواب دے رہے تھے کہ امریکہ کو آبنائے ہرمز پر کنٹرول حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں اس آبی گزرگاہ میں تیل بردار جہازوں کے ساتھ پیش آنے والے متعدد واقعات نے واشنگٹن کے دعوے کی حقیقت واضح کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ہرمز میں مزید دو آئل ٹینکر بارودی سرنگ سے جل اٹھے، سپاہ پاسداران
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب روزانہ متعدد بحری جہازوں کے ساتھ واقعات پیش آ رہے ہیں تو امریکہ کس بنیاد پر آبنائے ہرمز پر کنٹرول کا دعویٰ کر رہا ہے؟ ترجمان نے امریکی صدر اور امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر کے ان بیانات کو بھی سراسر غلط قرار دیا جن میں بارودی سرنگیں صاف کرنے کی بات کی گئی تھی۔
ترجمان سپاہ پاسداران نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ کسی کو بھی آبنائے ہرمز میں داخل ہو کر بارودی سرنگیں صاف کرنے کی کارروائی کی جرأت نہیں ہوگی۔







