پاک ایران تعاون کا فروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر
شیعیت نیوز : ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی صورتحال میں پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی تعاون، اعتماد اور روابط کا فروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات ایران کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات میں کہی، جس کی قیادت سید ابوالقاسم رحیمیان کر رہے تھے۔
سید ابوالقاسم رحیمیان ایرانی صدر کی کمیٹی برائے حمایت انقلاب اسلامی فلسطین کے سینئر مشیر اور نوجوانوں و طلبہ کے بین الاقوامی اتحاد کے سیکرٹری جنرل ہیں۔ وفد میں خانہ فرہنگ ایران حیدرآباد کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سعید ہاشمی بھی شامل تھے، جبکہ جمعیت علمائے پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے ترجمان ڈاکٹر یونس دانش بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں : ملی یکجہتی کونسل کا اجلاس، ایران امریکہ جنگ اور یمن کی صورتحال پر غور
ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام گہرے دینی، تہذیبی اور تاریخی رشتوں میں منسلک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کسی ایک خطے یا قوم کا نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کا مشترکہ دینی، اخلاقی اور انسانی مسئلہ ہے، اور امت کو مظلومین فلسطین کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنی چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ مسلکی اور گروہی اختلافات کو تصادم کا ذریعہ بنانے کے بجائے باہمی احترام اور مکالمے کو فروغ دیا جائے۔ ڈاکٹر سعید ہاشمی نے کہا کہ مظلومین فلسطین کی حمایت اور ظالم قوتوں کی مخالفت میں پاکستان اور ایران کے عوام کا موقف یکساں ہے اور دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔







