حیدرآباد: خانہ فرہنگ ایران میں یوم طلبہ پر شہدائے میناب اور فلسطین سے اظہار یکجہتی
شیعیت نیوز : خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران حیدرآباد میں ایرانی یوم طالب علم کی مناسبت سے ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں میناب اسکول کے شہید بچوں اور مظلوم فلسطینی عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا گیا۔ تقریب میں بچوں، نوجوانوں اور ان کے اہل خانہ سمیت شہر کی مختلف علمی، ثقافتی اور سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کی میزبانی ڈائریکٹر خانہ فرہنگ اور ایران سے آئے ہوئے اعلیٰ سطحی خصوصی وفد نے کی۔ ڈائریکٹر خانہ فرہنگ نے ایرانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور سندھ کی ثقافت کی نمائندگی کرتے ہوئے مہمانوں کو اجرک کے تحائف پیش کیے۔ اس موقع پر ایوارڈ یافتہ ایرانی فلم ’’23 نفر‘‘ کی بڑے پردے پر خصوصی نمائش کی گئی، جس کا آغاز پاکستان اور ایران کے قومی ترانوں سے ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : پاک ایران تعاون کا فروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر
تقریب میں مہران آرٹس کونسل کے وفد، یونیورسٹی کے پروفیسرز، ڈاکٹرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی شریک ہوئیں اور خانہ فرہنگ کا مرکزی ہال شرکاء سے مکمل طور پر بھر گیا۔ ایرانی وفد کے سربراہ اور نائب سربراہ نے اپنے خطاب میں غاصبانہ قبضے کے خلاف فلسطینی عوام کی جدوجہد اور میناب اسکول کے شہید بچوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
مقررین نے اس جدوجہد میں پاکستانی عوام کی مسلسل اخلاقی و سفارتی حمایت اور یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر شریک تمام بچوں میں تحائف کے پیکٹ تقسیم کیے گئے، جبکہ شرکاء کے مطابق یہ تقریب یوم طالب علم کی ایک بامقصد ثقافتی و تعلیمی سرگرمی ہونے کے ساتھ ساتھ فلسطین اور شہدائے میناب سے یکجہتی اور امن کا پیغام بھی ثابت ہوئی۔







