نوجوان شاہین اقبال جیسا کردار اپنا کر بلند نظری کو شعار بنائیں، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی
شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال کا فلسفہ خودی محض شاعرانہ تصور نہیں بلکہ قرآن و سنت کی روشنی میں خودشناسی، خدا شناسی، خودداری اور عملی جدوجہد کا جامع پیغام ہے۔ انہوں نے یہ بات یوم اقبال کی مناسبت سے علامہ اقبال کے افکار و فلسفے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہی۔
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا کہ اقبال نے مسلمانوں کو اپنی عظمت رفتہ کی بازیابی، فکری غلامی سے نجات اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا درس دیا۔ آج کے نوجوانوں کو اقبال کے شاہین کا کردار اپناتے ہوئے علم، تحقیق، خود اعتمادی اور بلند نظری کو اپنا شعار بنانا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : اقبال کا پیغام عملی زندگی میں اپنایا جائے، علامہ سید ساجد علی نقوی
دوسری جانب علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے نجف اشرف میں اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ بشیر حسین نجفی مدظلہ العالی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران موجودہ ملکی و بین الاقوامی صورتحال سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر نجف اشرف میں علامہ سید ساجد علی نقوی کے نمائندہ دفتر کے نمائندے حجۃ الاسلام مولانا مجیر میثمی سمیت دیگر معزز علمائے کرام اور دفتر کے اراکین بھی موجود تھے۔







