اقبال کا پیغام عملی زندگی میں اپنایا جائے، علامہ سید ساجد علی نقوی
شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال کے پیغام کو محض شاعری کی حد تک رکھنے کے بجائے عملی زندگی میں اپنانا ضروری ہے۔ اپنے تازہ بیان میں انہوں نے کہا کہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی کا جذبہ بیدار کیا اور امت مسلمہ کو قرآن و سیرتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے رہنمائی لینے کا درس دیا۔
انہوں نے کہا کہ اقبال کے کلام سے شعری لطف تو حاصل کیا گیا، لیکن اس میں موجود پیغام کو سمجھنے اور نافذ کرنے کی مؤثر کوشش نہیں ہوئی۔ ان کے نام سے ادارے قائم کرنے کے باوجود افکار کو عملی شکل دینے پر مطلوبہ توجہ نہیں دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی انتخابات کے نتائج سامراجیت اور صہیونیت کے لیے نوشتہ دیوار ہیں، علامہ سید ساجد علی نقوی
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ مصورِ پاکستان کا دیکھا ہوا خواب تاحال پوری طرح شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکا۔ انہوں نے آزادی، حریت اور اسلامی اقدار پر مبنی فکر کو معاشرتی زندگی میں اختیار کرنے کی ضرورت واضح کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ قرآن و سنت اور تاریخِ اسلام سے مثبت استفادہ اقبال کے کلام کی نمایاں خصوصیت ہے۔ علامہ سید ساجد علی نقوی کے مطابق مشاہیرِ اسلام کے کردار کا مطالعہ اور اسلامی روایات کا فروغ اقبال کے پیغام کے اہم پہلو ہیں۔







