بلتستان کے دینی مدارس میں 500 سے زائد تحقیقی مقالات مکمل، محققین کو اعزازات دیے گئے

09 نومبر, 2026 17:32

شیعیت نیوز : بلتستان کے دینی مدارس میں تحقیق و تصنیف کے فروغ کے لیے جاری منصوبے کے تحت طلبہ و طالبات نے 500 سے زائد تحقیقی مقالات مکمل کر لیے ہیں۔ اس کامیابی پر جامعۃ النجف سکردو میں 8 نومبر کو محققین کی تجلیل و تکریم اور تقریبِ تقسیمِ انعامات منعقد ہوئی، جس میں گیارہ دینی مدارس کے اساتذہ، طلبہ، علمائے کرام اور دانشوروں نے شرکت کی۔

منصوبے کا مرکزی موضوع ’’کربلا در اندیشۂ آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای‘‘ تھا، جس کا مقصد رہبرِ شہید کے کربلائی افکار کا مطالعہ اور انہیں نوجوان نسل تک قابل فہم انداز میں پہنچانا تھا۔ مقررین نے بلتستان کے دینی مدارس میں بیک وقت اتنی بڑی تعداد میں مقالات کی تیاری کو غیر معمولی کامیابی قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں : شہداء کی تاریخ محفوظ کرنا ہمارا مقصد ہے، علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی

جامعۃ النجف سکردو کے مدیر حجت الاسلام علامہ شیخ محمد علی توحیدی نے کہا کہ علم و تحقیق کے بغیر عالم اسلام کا عالمی طاقت بننے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ ان کے مطابق آج دنیا میں وہی اقوام آگے ہیں جو تحقیق، تخصص اور ٹیکنالوجی کے میدان میں سبقت رکھتی ہیں۔

علامہ شیخ محمد علی توحیدی نے بلتستان کے نوجوانوں کی علمی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے بتایا کہ ایک بین الاقوامی انتخاب میں 110 ممالک کے ہزاروں طلبہ میں سے منتخب ہونے والے دس افراد میں سے چھ کا تعلق بلتستان سے تھا۔ تقریب کے اختتام پر نمایاں محققین کو اعزازات سے نوازا گیا۔

12:31 صبح نومبر 10, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔