جلد سندھ کا دورہ کرکے تنظیمی کارکنان سے ملاقات کروں گا، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ وہ عنقریب صوبہ سندھ کا دورہ کریں گے اور تنظیمی ذمہ داران و کارکنان سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں ایم ڈبلیو ایم سندھ کی صوبائی کابینہ کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔
صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی کی سربراہی میں وفد نے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو سندھ کے تنظیمی دورے اور آئندہ ماہ ہونے والے صوبائی شوریٰ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔ وفد نے انہیں ہر سال 30 جنوری کو منعقد ہونے والے شہدائے سانحہ شکارپور کی برسی کے اجتماع سے خطاب کی دعوت بھی دی۔
یہ بھی پڑھیں : سانحہ شکارپور، مجرموں کی سزائے موت برقرار رہنا خوش آئند ہے، علامہ مقصود ڈومکی
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین سندھ صوبے کے تمام اضلاع میں فعال تنظیمی سیٹ اپ رکھتی ہے، جبکہ تحصیل اور یونٹ کی سطح پر بھی ذمہ داران اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ ملاقات میں سندھ کی سیاسی، مذہبی اور تنظیمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے سانحہ شکارپور کے شہداء کا مقدمہ لڑنے والے ایڈووکیٹ مظہر حسین منگریو اور دیگر وکلاء کی جرأت اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور انہیں اعزازی شیلڈ دینے کا اعلان کیا۔ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایم ڈبلیو ایم سندھ کی تنظیمی فعالیت اور کارکردگی کو سراہا۔







