پاکستان یمن کے مسئلے میں حل کا حصہ بنے، اسپیکر یمنی پارلیمنٹ
شیعیت نیوز : یمنی پارلیمنٹ کے اسپیکر شیخ یحییٰ علی الراعی نے پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کے نام خط میں یمن کے خلاف سعودی رجیم کے جرائم سے آگاہ کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ پاکستان مسئلے کا نہیں بلکہ حل کا حصہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی جارحیت یمن کی خودمختاری کی خلاف ورزی اور یمنی عوام پر سنگین حملہ ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ سعودی جرائم تمام دینی، اخلاقی اور انسانی اقدار سے تجاوز کر چکے ہیں اور بین الاقوامی قوانین و معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ خط میں 23 ستمبر 2026ء کو پاکستانی پارلیمنٹ کو بھیجے گئے سابقہ خط کا حوالہ دیتے ہوئے دہرایا گیا کہ پاکستان سعودی رجیم سے ہم آہنگی سے دور رہے اور یمنی عوام کے خلاف کسی معاندانہ اقدام کا حصہ نہ بنے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان یمن جنگ میں فریق نہ بنے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
یمنی اسپیکر نے گزشتہ پانچ دنوں میں سعودی جارحیت کا ذکر کیا، جس میں عزلہ المساحین، صوبہ تعز کے الحضارہ بازار اور صوبہ صنعاء کے ضلع بنی حشیش کے گاؤں الشریہ پر فضائی حملے شامل ہیں۔ خط کے مطابق ان حملوں میں 300 سے زائد شہری شہید و زخمی ہوئے، جن میں اکثریت خواتین، بچوں اور بزرگوں کی ہے۔
شیخ یحییٰ علی الراعی نے پاکستان سے اپیل کی کہ وہ امت مسلمہ کے مسائل پر اپنے تاریخی اور انسانی موقف کے مطابق امن کوششوں کی حمایت کرے اور یمن پر 12 سال سے جاری جارحیت و محاصرے کے خاتمے کے لیے مثبت کردار ادا کرے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان مسلمانوں کو متحد کرنے اور امت کا خون بہنا روکنے میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔







