جنگ یا امن کا فیصلہ اب وائٹ ہاؤس کو کرنا ہے، ایرانی وزیر خارجہ
شیعیت نیوز : ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکی ووٹرز اپنا فیصلہ کر چکے ہیں اور اب جنگ یا امن کا فیصلہ کرنے کی باری وائٹ ہاؤس کی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران کی دو روزہ تجویز میز پر موجود ہے۔
سید عباس عراقچی نے کہا کہ امریکہ اس تجویز کے مطالبات قبول کرے، جن میں تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ بھی شامل ہے، اور اس کے نتائج دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ جنگ کا راستہ اختیار کرسکتا ہے، لیکن اسے اس کے نتائج کا سامنا بھی کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران اور امریکہ کے درمیان قطر کی نئی تجاویز، بحری ناکہ بندی ختم کرنے کی پیشکش
ایرانی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ میدان جنگ میں موجود ایران کے چوکس اور تجربہ کار مجاہدین امریکی افواج پر جہنم کی آگ برسا دیں گے۔ دوسری جانب سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز پر ایران کے کنٹرول کے اثرات پوری دنیا میں واضح ہیں۔
بریگیڈیئر جنرل حسین محبی کے مطابق تیل کی قلت، یورپ اور امریکہ کے ذخائر میں کمی اور تیل کی قیمتوں کا جنگ سے پہلے کی سطح سے کہیں زیادہ رہنا اس کنٹرول کی نشانیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج آبنائے ہرمز میں اپنی موجودگی برقرار رکھے ہوئے ہیں اور ایران کی شرائط پوری ہونے تک یہ آبنائے بند رہے گی۔







