سانحہ شکارپور، مجرموں کی سزائے موت برقرار رہنا خوش آئند ہے، علامہ مقصود ڈومکی
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی صدر اور امام جمعہ جیکب آباد علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کی جانب سے سانحہ نماز جمعہ کربلا معلیٰ امام بارگاہ شکارپور کے مجرموں کی اپیلیں مسترد ہونے اور سزائے موت برقرار رہنے سے شہداء کے خاندانوں کو انصاف کی امید ملی ہے۔
جامع مسجد امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام جیکب آباد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہداء کے مقدمے کی پیروی کرنے والے ایڈووکیٹ مظہر حسین منگریو، ایڈووکیٹ سید قاسم شاہ، ایڈووکیٹ منظور حسین لاڑک اور دیگر وکلاء نے بڑی جرات اور ثابت قدمی کے ساتھ قانونی جنگ لڑی، ہم ان سب کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ قوم شہداء کے مقدس لہو اور ان کے اہداف کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، دہشت گردی کے خاتمے، قانون کی بالادستی اور مظلوم خاندانوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے جدوجہد جاری رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان یمن کے معاملے میں فریق نہ بنے، علامہ مقصود علی ڈومکی
انہوں نے کہا کہ ناصبی فکر اور دشمنان اہل بیتؑ کے تاریخی کردار کو بے نقاب کرنے کے لیے مولانا اللہ وسایا کی کتاب احتساب ناصبیت ایک اہم علمی و تحقیقی کاوش ہے، آج منظم انداز میں تاریخی حقائق مسخ کر کے دشمنان اہل بیتؑ کو امت مسلمہ کے ہیرو بنا کر پیش کرنے کی سازش کی جا رہی ہے جس کا برادران اہل سنت کو بھی علمی اور فکری بنیادوں پر مقابلہ کرنا ہوگا۔
ایام فاطمیہ کی مناسبت سے انہوں نے کہا کہ سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہراؑ کی سیرت پوری انسانیت کے لیے عظمت، پاکیزگی، ایثار، صبر، حق گوئی اور استقامت کا کامل نمونہ ہے، اور خطبہ فدکیہ علم و حکمت اور دینی و سیاسی بصیرت کا عظیم سرچشمہ ہے۔







