شہداء کی تاریخ محفوظ کرنا ہمارا مقصد ہے، علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی
شیعیت نیوز : علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے پاکستان کے شیعہ شہداء کی تاریخ پر مشتمل مجموعہ «مقاتلِ شیعہ پاکستان» آستان قدس رضوی کی مرکزی لائبریری کو عطیہ کیا ہے۔ 8 نومبر کو سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق کتابیں پیش کرنے کی تقریب 5 نومبر کو مشہد مقدس میں منعقد ہوئی تھی۔
علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے بتایا کہ اس اردو مجموعے میں 1947ء سے تاحال پاکستانی شیعہ شہداء کا تعارف شامل کیا گیا ہے۔ تقریباً 20 جلدوں پر مشتمل اس منصوبے کی اب تک 14 جلدیں شائع ہوچکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : جعفریہ الائنس کی ملک گیر توسیع میں بھرپور تعاون کریں گے، امامیہ آرگنائزیشن
انہوں نے کہا کہ اس علمی کام کا مقصد پاکستان کی شیعہ تاریخ محفوظ کرنا اور آنے والی نسلوں کو شہداء کی قربانیوں سے روشناس کرانا ہے۔ ان کے مطابق نئی نسل کو معلوم ہونا چاہیے کہ اہل بیت علیہم السلام سے محبت اور وابستگی کے راستے میں پاکستانی شیعہ مسلمانوں نے کیا مشکلات برداشت کیں۔
تقریب میں آستان قدس رضوی کے کتب خانوں، عجائب گھروں اور دستاویزی مرکز کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین سید جلال حسینی اور ادارہ غیرملکی زائرین کے ڈائریکٹر مہدی لسانی بھی شریک تھے۔ سید جلال حسینی نے مجموعہ پیش کرنے پر شکریہ ادا کیا اور علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی کو حرم مطہر کی جانب سے تحائف دیے۔







