عوامی مسائل ایوان میں نہ اٹھیں تو متاثرین کہاں جائیں؟ حمید حسین طوری
شیعیت نیوز : ضلع کرم کی اہم شاہراہ ٹل پاراچنار روڈ کی طویل بندش کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھانے سے روک دیا گیا ہے۔ رکن قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین طوری نے 21 اگست 2026 کو قومی اسمبلی کے 30ویں اجلاس کے لیے سوال نمبر 7 جمع کرایا تھا۔
اس سوال کے ذریعے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ضلع کرم کی شاہراہوں کی طویل بندش کی وجوہات، امن و امان کی بحالی، عوام کی آزادانہ نقل و حرکت یقینی بنانے اور بندش کے باعث پیدا ہونے والے انسانی، معاشی اور تعلیمی مسائل کے حل کے لیے حکومتی اقدامات کی تفصیلات طلب کی گئی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاراچنار میں سڑک کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، علامہ زاہد حسین انقلابی
تاہم قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے تحریری طور پر آگاہ کیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے رول 78(g) کے تحت یہ سوال مسترد کر دیا ہے۔
اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حمید حسین طوری نے کہا کہ پارلیمان عوام کی آواز، بنیادی حقوق کے تحفظ اور حکومتی احتساب کا سب سے اہم آئینی فورم ہے۔ اگر عوام کے بنیادی مسائل ہی ایوان میں زیر بحث لانے کی اجازت نہ ہو اور منتخب نمائندوں کو حکومت سے جواب طلب کرنے کا موقع نہ دیا جائے تو متاثرہ عوام انصاف، تحفظ اور جوابدہی کے لیے آخر کس فورم سے رجوع کریں؟







