تعز اور صعدہ پر سعودی بمباری، فیکٹری کے 3 مزدوروں سمیت 8 شہری شہید
شیعیت نیوز : سعودی جارحیت نے یمن کے صوبوں تعز اور صعدہ میں شہریوں اور شہری تنصیبات کو ایک بار پھر نشانہ بنایا ہے۔ تعز کے ضلع التعزیہ میں منگل 3 نومبر کی صبح القدسی پلاسٹک اینڈ فٹ ویئر فیکٹری پر سعودی فضائی حملے میں 3 مزدور شہید اور 8 شدید زخمی ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق یہ فیکٹری قریب ترین محاذ سے 15 کلومیٹر دور واقع تھی اور حملے سے اس کی مشینری تباہ ہو گئی جس سے سیکڑوں خاندانوں کا روزگار خطرے میں پڑ گیا۔
ضلع الشمایتین کے گاؤں خوشہ پر سعودی حملے میں ایک خاتون اور ایک بچی سمیت 5 شہری شہید اور بچوں اور خواتین سمیت 9 زخمی ہوئے، جبکہ المسراخ، المعافر اور حیفان میں ایک گھر، ایک ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ اور ایک فارم کو نقصان پہنچا اور درجنوں خاندان نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : تعز کے الشمایتین میں گھر پر سعودی بمباری، ماں اور چار بچے شہید
صعدہ کے ضلع الصفراء کے علاقے اخوان میں سعودی جنگی طیاروں نے ایک کسان خاندان کے تقریباً 40 افراد کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا، جس سے گھر تباہ، پانچ خاندان بے گھر اور 4 بچے شدید زخمی ہو گئے۔ ضلع ماران میں مواصلاتی نیٹ ورک بھی بمباری کی زد میں آیا۔
بدھ کی صبح صعدہ کے سرحدی ضلع غمر میں سعودی توپخانے نے گولہ باری کی، جبکہ ضلع سحار کے علاقے علاف پر چار فضائی حملوں میں ایک بچہ شہید اور ایک شہری زخمی ہوا۔
یمنی وزارت صحت نے ان حملوں کو بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے سعودی رجیم کو انسانی نتائج کا ذمہ دار ٹھہرایا اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ان حملوں کی مذمت کرے اور یمن پر جارحیت اور محاصرہ ختم کرانے کے لیے کردار ادا کرے۔







