پاکستان میں سب سے بڑا مسئلہ لاقانونیت ہے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
شیعیت نیوز : تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وائس چیئرمین اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ پاکستان صرف اسی وقت بچ سکتا ہے جب یہ جمہوری اور اسلامی ہو اور آئین کے مطابق چلے، اگر کوئی اپنی مرضی کا پاکستان بنانا چاہے گا تو یہ ملک قائم نہیں رہ سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی سب سے بڑی مشکل لاقانونیت ہے، قانون کی حرمت ختم کر کے اسے بے توقیر کر دیا گیا ہے، لوگوں کو جیلوں میں ڈالا ہوا ہے اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا وزارت قانون کی یہ ذمہ داری نہیں کہ وہ دیکھے کہ ملک میں عدل و انصاف ہو رہا ہے اور جیلوں میں پڑے بے گناہ افراد کو ان کا حق مل رہا ہے یا نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ہم نہ خاموش ہوں گے، نہ حقوق سے دستبردار ہوں گے، ظلم کے خلاف ڈٹے رہیں گے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے، مذاکرات کے دوران صرف 5 اضلاع کی بات ہو رہی تھی مگر اب 12 اضلاع میں ایمرجنسی لگا کر انہیں الگ یونٹ بنا دیا گیا اور باقی صوبے پر گورنر راج نافذ کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وہاں لوگوں کے گھروں میں گھسا جا رہا ہے، ایسا ہرگز نہیں ہونا چاہیے، عوام کو مکمل طور پر غیر متعلق کر دیا گیا ہے، اور سوال کیا کہ یہ سب کرنے کے بعد ہم نوجوانوں کو قانون پر عمل کرنے کا کیا پیغام دے سکتے ہیں۔







