ہم نہ خاموش ہوں گے، نہ حقوق سے دستبردار ہوں گے، ظلم کے خلاف ڈٹے رہیں گے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

16 اکتوبر, 2026 19:11

شیعیت نیوز : قائد حزب اختلاف سینیٹ اور چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مظلوم کو ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کا حق دیتا ہے، مگر ڈکٹیٹر نما حکمران فریاد کا جواب گولی، دھمکیوں، مقدمات اور ایف آئی آرز سے دیتے ہیں، ہم واضح کرتے ہیں کہ ہم نہ خاموش ہوں گے اور نہ اپنے حقوق سے دستبردار ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم عدلیہ کا دروازہ کھٹکھٹانے آئے ہیں تاکہ اتمام حجت ہو اور کل کوئی یہ نہ کہہ سکے کہ ہم انصاف مانگنے نہیں آئے تھے، ہماری جدوجہد آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور مظلوم عوام کے حقوق کے لیے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم عمران خان کے ساتھ اس لیے کھڑے ہیں کہ ہمارا مؤقف ہے کہ ان کا مینڈیٹ چرایا گیا اور ان کے ساتھ ناانصافی ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور: سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں گورنر راج کے خلاف ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر

علامہ راجہ ناصر عباس نے سوال اٹھایا کہ کیا عوام کا مینڈیٹ چرانا، گھروں میں گھسنا، ماؤں بہنوں اور بچوں کو جیلوں میں ڈالنا اور نوجوانوں کا مستقبل تاریک کرنا حب الوطنی ہے؟ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اپنے وزیر اعتراف کر چکے ہیں کہ پاکستان کولیپس کر چکا ہے، اور جب ان سے ملک نہیں چل رہا تو اب صوبے پر قبضہ بھی کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے سورہ نساء کی آیت 148 اور مولا علی علیہ السلام سے منسوب قول ’’ظالم کے مخالف اور مظلوم کے مددگار بنو‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم آئین کی بات کرتے رہیں گے، قانون کی بالادستی کے لیے کھڑے رہیں گے اور مظلوم کی آواز بنتے رہیں گے، کیونکہ ہماری وفاداری کسی اقتدار سے نہیں بلکہ پاکستان، اس کے عوام اور آئین سے ہے۔ واضح رہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے خلاف درخواستیں 20 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دی ہیں۔

8:20 شام اکتوبر 16, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔