عمران خان کی مرضی کے بغیر 28ویں ترمیم کی حمایت کرنے والا صفر ہو جائے گا، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
شیعیت نیوز : سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) تاخیر کا شکار ہوئی ہے جو نہیں ہونا چاہیے تھا، تاہم قوی امید ہے کہ یہ کانفرنس 9 اور 10 نومبر کو منعقد ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اے پی سی کا ایجنڈا فائنل کیا جا رہا ہے اور یہ ایک مشترکہ ایجنڈا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں شرکت کے لیے پیپلز پارٹی کو بھی دعوت دی گئی تھی، مگر جواب میں گورنر راج لگا دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : پیپلز پارٹی وفد نے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور اچکزئی کو بلاول کا پیغام پہنچا دیا
28ویں آئینی ترمیم سے متعلق گفتگو میں سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ایسا کوئی کام نہیں کرنا چاہیے جو عمران خان کی مرضی اور منشا کے خلاف ہو، اور جو بھی عمران خان کی مرضی کے بغیر 28ویں ترمیم کی حمایت کرے گا وہ صفر ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے آپ کی حکومت چھین لی اور آپ کے پاس کچھ نہیں چھوڑا، ان کے بارے میں یہ سوچنا کہ وہ 28ویں ترمیم کے بدلے عمران خان کو رہا کر دیں گے، بچوں والی باتیں ہیں۔ واضح رہے کہ حکومتی حلقوں کی جانب سے 28ویں آئینی ترمیم نومبر یا دسمبر میں پیش کیے جانے کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔







